عثمان بزدار کا سرکاری غیر ضروری اخراجات بند کرنے،عید پر قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان

عثمان بزدار کا سرکاری غیر ضروری اخراجات بند کرنے،عید پر قیدیوں کیلئے خصوصی ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کیلئے خصوصی معافی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں کی سزاؤں میں معافی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے فیصلے سے تقریباًایک ہزار قیدیوں کی سزائیں معاف ہوں گی۔ دہشتگردی اورملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کے علاوہ6ماہ سے کم سزا والے قیدی سی آر پی سی کی دفعہ 401کے تحت سزا ؤں میں معافی کے حقدار ہوں گے۔75فیصد سے زائد سزا کاٹنے والی قیدی خواتین جن کوماضی میں سزا نہ ملی ہوان کو بھی سزاؤں میں معافی ملے گی جبکہ ایک سال قید یا کم سز ا کے تحت جیلوں میں بند خواتین اوربچوں کی سزائیں بھی معاف کردی جائیں گی۔جرمانے اوردیت وغیرہ اداکرنے کی استطاعت نہ رکھنے والے ایسے قیدی جو اپنی سزائیں پوری کرچکے ہیں انکی سزائیں بھی معاف کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان پریزن رولز1978کی شق216کے تحت قیدیوں کی سزاؤں میں 60دن کی خصوصی معافی کا اعلان کیا ہے۔دفعہ 302،394،395،396،364A اور365Aکے تحت سزا کاٹنے والے قیدیوں کویہ معافی نہیں ملے گی۔منشیات اورسمگلنگ کے جرم میں قید قیدیوں کو معافی نہیں دے جائے گی۔حدود آرڈیننس کے تحت سزا کاٹنے والے قیدیوں کو بھی معافی نہیں ملے گی۔انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت قید مجرموں کو بھی معافی نہیں ملے گی۔پاکستان پینل کوڈ کے تحت انسانی جسم کو نقصان پہنچانے کا جرم کرنے والے قیدیوں کو بھی معافی نہیں ملے گی۔ جاسوسی،فرقہ واریت اورریاست کے مفادات کے منافی اقدامات کرنیوالے قیدیوں کو بھی 60دن کی معافی نہیں ملے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر خواتین، بچوں اور مخصوص قیدیوں کیلئے جیل میں فری پی سی او کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔بچے، خواتین اورمخصوص قیدیوں کو باری باری اپنے پیاروں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔وزیراعلیٰ کے حکم پر عید کے موقع پر بھی جیل میں بچوں،خواتین اورمخصوص قیدیوں کو اپنے پیاروں سے بات کرنے کی مفت سہولت دی جائے گی۔ دہشت گردی اورریاست کے مفادات کے منافی سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کو پی سی او کی سہولت نہیں ملے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو فوکس کرنا ضروری ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے بھی صحت اور دیگر سماجی شعبوں کو اہمیت دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکموں کوسخت فنانشل ڈسپلن کی پالیسی پر کاربند رہنا ہو گا۔ہر سطح پراخراجات کو کنٹرول کر کے کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے۔ مختلف سیکٹرز میں دی جانے والی سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لیا جائے۔بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے جامع پروگرام وضع کیا جائے۔سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ مستحق خاندانوں کی مالی معاونت کا سب سے بڑا پروگرام ہماری حکومت نے دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب انصاف امداد پیکیج اوراحساس پروگرام کے تحت 6لاکھ56ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں 12ہزار روپے فی خاندان مالی امداد فراہم کی جاچکی ہے اوراب تک 7ارب87کروڑ روپے کی رقم مستحقین میں تقسیم کرچکے ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا شہیدکے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بھی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اورشرکاء نے رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضاکے کورونا کے باعث انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیااور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔

معافی اعلان

مزید :

صفحہ اول -