سی پیک کی شفافیت پر تحفظات ہیں:امریکہ

سی پیک کی شفافیت پر تحفظات ہیں:امریکہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکہ نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی مشکل میں مبتلا پاکستان کا قرضہ معاف کرے یا اس میں چھوٹ دینے کیلئے ازسر نو مذاکرات کرے۔ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے یہ تقاضہ گزشتہ شمام یہاں ایک الوداعی نیوز کانفرنس میں کیا جو جمعہ کے روز سے ریٹائر ڈہورہی ہیں۔مس ویلز نے جو چین کی ہمیشہ نقاد رہی ہیں، اس موقع پر ایک بار پھر چین پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی راہداری (سی پیک) کے جو معاہدے کئے ہیں ان میں شفافیت کا فقدان ہے جس کے باعث امریکہ کو اس پر شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے چین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے پاکستان بھی معاشی بحران میں مبتلا ہوگیا ہے اس لئے صورت حال کا تقاضہ یہ ہے کہ وہ پاکستان کو دیئے گئے غیر منصفانہ قرضوں کا بوجھ کم کرے۔یادرہے کہ اس وقت کورونا وبا سے پیدا ہونے والے معاشی بوجھ سے نجات کیلئے پاکستان نے جی ٹونٹی ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے قرضوں میں چھوٹ دینے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
امریکہ

واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف)امریکہ نے کورونا وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے مزید 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یہاں ایک بیان میں بتایا ہے کہ خود وبا سے متاثر ہونے کے باوجود امریکہ نے اپنی عالمی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے دیگر ممالک کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور اس وبا کی روک تھام کے لئے جو امداد فراہم کی ہے وہ ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی شہری مسلسل یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ دنیا کی سب سے زیادہ فیاض قوم ہے جو کئی عشروں سے زندگی بچانے والی صحت اور انسانی ہمدردی کی امدادفراہم کرنے میں اپنی برتری قائم کئے ہوئے ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے واضع کیا کہ نئی امداد سے متاثرہ ممالک صحت، پانی، صفائی اور ہائی جین سے متعلق اپنی ضرورت پوری کر سکیں گے۔
مائیک پومپیو

مزید :

صفحہ اول -