پشاور اور مردان میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، سمگلرفرار

پشاور اور مردان میں منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، سمگلرفرار

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا ایکسائز اینٹلجنس نے مردان اور پشاور میں تین مختلف کاروائیوں کے دوران چوبیس کلو افیون، بتیس کلو چرس اور 470 گرام آئس کی سمگلنگ ناکام بنادی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی غزن جمال نے ایکسائز اینٹلجنس کی چابک دستی کی داد دیتے ہوئے ان کی کاروائیوں کو انسداد منشیات کی مد میں اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ سیکرٹری ایکسائز اسلام زیب نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ایکسائز اینٹلجنس کی کاروائیوں میں تیزی منشیات سمگلنگ کے خاتمے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ ڈائریکٹر نارکوٹکس عسکر خان نے کاروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایکسائز اینٹلجنس ونگ کو مختلف ریجنز میں ممکنہ منشیات سمگلنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں جس پر ایکسائز اینٹلجس بیورو انچارج نوید جمال نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مختلف ٹیموں کو چوکنہ رہنے کی ہدایت کی۔ پہلی کاروائی کے دوران گاڑی نمبر 3672 LEC میں منشیات پنجاب سمگلنگ کی کوشش کی جا رہی تھی۔ انچارج انسپکٹر حمید اللہ اور ایڈیشنل انچارج سجاد مومند و دیگر سکواڈ نفری نے اطلاع کے مطابق موٹر وے انٹرچینج پشاور کے قریب دوران ناکہ بندی مذکورہ مخبر شدہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے رکنے کی بجائے گاڑی کی اسپیڈ مزید تیز کردی، تعاقب کرنے پر ڈرائیور گاڑی موٹر وے روڈ سائیڈ پر چھوڑ کر رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے، گاڑی مذکورہ کی تلاشی لینے پر گاڑی سے سترہ کلو چرس اور 470 گرام آئس برآمد ہوئی، مزید تفتیش کیلئے تھانہ چمکنی میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔ دوسری کاروائی میں سوزوکی بولان گاڑی نمبر U4983 میں چرس سمگلنگ کی کوشش کی جارہی تھی جہاں انچارج انسپکٹر زرجان خان اور ایڈیشنل انچارج سمیع اللہ کاشف بمعہ دیگر نفری نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے حاجی کیمپ روڈ نزد شاہ کس حیات آباد فیز 7 پشاور پر دوران ناکہ بندی مذکورہ گاڑی کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانے سے پندرہ کلو چرس برامد کی، ملزم اسرار ولد زمان گل (افغانی باشندہ) سکنہ شاہ کس کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانہ تاتارا میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔اسی طرح تیسری کاروائی کے دوران گاڑی نمبر182 LOY میں منشیات پنجاب سمگلنگ کی کوشش کی جارہی تھی۔ مسعود الحق ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول آفیسر کے زیر سرپرستی سید نوید جمال سرکل آفیسر مردان ریجن کے زیر نگرانی SHO ایکسائز پولیس اسٹیشن مردان ریجن محمد ریاض، ازلان اسلم ایڈیشنل ایس ایچ او، فہیم خان اے ایس آئی و دیگر نفری نے دوران ناکہ بندی کامیاب کاروائی کرتے ہوئے مخبر شدہ گاڑی کو روکا کر تلاشی لینے پر گاڑی سے چوبیس کلو افیون برآمد کی، دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانہ سٹی مردان میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -