پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو پہنچائیں گے،شاہ محمدخان

  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو پہنچائیں گے،شاہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر نے کہا ہے کہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کرکے اس کا ریلیف عام عوام کو پہنچائیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں سماجی فاصلوں اور ایس او پیز پر عملدرآمد پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کورونا کے خطرے کو کم سے کم کرتے ہوئے عید کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار صوبے کی تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا میاں عادل اقبال، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پشاور، ہزارہ، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور مردان کے سیکریٹریز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ریجنل سیکریٹریز نے اپنے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی صورت حال، ایس او پیز پر عملدرآمد اور درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں کے حوالے سے واضح کردہ حکومتی پالیسی کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ تنظیموں سے بھی مذاکرات جاری ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ریجنل سیکریٹریز کو اپنے علاقوں میں حکومتی رٹ کو بحال کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بس اڈوں اور مسافر گاڑیوں میں سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح مسافروں کا ماسک پہننا، سینیٹائزر کا استعمال بھی لازمی کیا جائے۔ شاہ محمد وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہو گی کہ ٹرانسپورٹ سے کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ کم سے کم کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ عید عوام کے لیے کم کرایوں پر ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ اس وقت ہماری توجہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کو فعال بنانے کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے اضلاع کی سطح پر دفاتر قائم کرنے کے حوالے سے محکمانہ امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی جلد محکمہ ٹرانسپورٹ کو فعال کردیا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ریجنل سیکریٹریز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ٹیم کا حصہ ہیں اور ٹیم ورک کے ذریعے ہی ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچائیں گے