نجی نیوز چینل ”نیو“کے لائسنس معطلی کے احکامات پر عمل درآمد روک دیا،فریقین کو نوٹسز جاری
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پیمرا کی جانب سے نجی ٹی وی نیو نیوز کے لائسنس کی معطلی کے احکامات پر عمل درآمد روکتے ہوئے فریقین کو 17 جون کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی نے میسرز فن انفوٹینمنٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا کہ مصطفٰی امپیکس کیس کی روشنی میں پیمرا ریگولیشنز 2012 ء اور پیمرا کے لائسنس معطلی کے احکامات غیر قانونی ہیں۔ درخواست گزار کمپنی نے 2009 ء میں اے لائٹ ٹی وی کے نام سے لائسنس حاصل کیا۔بعد ازاں درخواست گزار نے پیمرا کو 70 فیصد نیوز اور کرنٹ افیئرز پر مبنی مکس پروگرامنگ کی منظوری کے لئے درخواست دی،قانونی طور پر پیمرا 100 دن میں درخواست پر فیصلہ کرنے کا پابند تھا لیکن درخواست پر مقررہ مدت میں فیصلہ نہیں کیا گیا۔ 2014 ء میں پیمرا نے درخواست گزار کی نیوز اور کرنٹ افئیرز کی درخواست پر فیصلہ کئے بغیر شوکاز نوٹس جاری کر دیا جس کے خلاف انھوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ اعلیٰ عدلیہ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باوجود پیمرا نے غیر قانونی طور پر لائسنس کی معطلی کا حکم جاری کر دیا۔
لائسنس،عملدرآمد