عید پر پارکوں میں جھولے کھولنے کیلئے دائر درخواست مسترد
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان نے عید کے موقع پر تفریحی پارکوں میں بچوں کے جھولے کھولنے کے لئے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزارکے وکیل کو مخاطب کرکے ریمارکس دیئے کہ کورونا کا معاملہ پہلے ہی سنگین صورتحال اختیارکرچکاہے،کیا آپ مجھ سے بچوں کو مارنے کالائسنس لینا چاہتے ہیں؟ایک نجی تنظیم کی طرف سے دائر درخواست کی کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ایسی درخواست دائر کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا،کورونا کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے، درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیاتھاکہ تفریحی پارک کرونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے تین ماہ سے بند ہیں، اب تقریباً تمام کاروبار حکومتی ایس او پیز کے تحت کھل چکے ہیں،حکومت کی جانب سے تفریحی پارکس کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ملازمین کو تین ماہ سے بغیر آمدن کے تنخواہیں دینا مشکل ہوگیا ہے، درخواست گزارنے استدعا کی کہ حکومتی ایس او پیز کے تحت تفریحی پارکس کھولنے کا حکم دیاجائے،درخواست میں مزید استدعا کی گئی تھی کہ تفریحی پارکس کے کرائے ختم کرنے کاحکم بھی دیاجائے تاکہ ملازمین کو بیروزگاری سے بچایا جاسکے۔فاضل جج نے درخواست کو ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مستردکردیا۔
پارک جھولے