چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کا ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ کا دورہ

چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کا ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ کا دورہ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید الفطر کا دن رب کریم کی طرف سے امت مسلمہ کے لئے انعام کا دن ہے،مسلمان رمضان المبارک کا پورا مہینہ خواہشات کی قربانی،مجاہدے اور عبادات کثرت سے کرتے ہیں، اور اس مہینے کے خاتمے پر روحانی برکتوں اور عنایتوں کے منتظر ہوتے ہیں۔ رب تعالیٰ کی جانب سے عیدالفطرکی صورت میں اُمت مسلمہ کو مسرت کا تہوار عطا کیا گیا ہے۔اس پُر مسرت موقع پر باہمی رنجشوں اور تمام گلے شکووں کو بھلا کر امن اور خوشیوں کی فضاء قائم کریں۔ ان خیالات کا اظہا ر چیئر مین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے میونسپل کمشنر محمد فہیم خان کے ہمراہ ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ اوراس کے اطراف جاری صفائی ستھرائی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمانی لیڈر بلدیہ وسطی محمد صابر شیخ،چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی سینی ٹیشن زین الحق،ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی،موٹر وہیکل انسپکٹر ناضر خان بھی موجود تھے۔چیئرمین بلدیہ وسطی نے متعلقہ محکمے کے افسران کو واضع الفاظ میں ہدایت کی ہے کہ جمعتہ الوداع اور نمازِ عید الفطر سے قبل ضلع وسطی میں موجودعیدگاہوں اورمسجدوں کے اطراف صفائی ستھرائی کا کام مکمل کر لیا جائے۔چیئر مین ریحان ہاشمی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عید الفطر کے موقع پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ SOPs اور طبی ماہرین کی ہدایت کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سماجی فاصلوں کے قیام کو یقینی بنائیں اور احتیاط کا دامن کسی صورت نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ضلع وسطی کے عوام کو بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کو ممکن بنارہے ہیں۔ بعد ازاں چیئرمین ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں عیدین کی نماز کے اجتماعات کی جگہوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عید الفطر کے موقع پر صفائی ستھرائی کا موثر انتظام کیا جائے تاکہ ضلع وسطی کے مکینوں کو صاف ستھراء اور خوش گوار ماحول میئسر آسکے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -