لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد شہبازشریف کے ٹیسٹ کا بھی رزلٹ آگیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کے کورونا میں مبتلا ہونےکے بعد مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس کا اب رزلٹ بھی آگیا ہے اور نجی ٹی وی چینل 24 نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ رزلٹ نیگٹو آیا ہے ۔
لیگی ذرائع کے مطابق لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کی طبیعت خراب ہوئی اور ان کا ٹیسٹ کروایا گیا تو وہ پازیٹو آیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تاہم گزشتہ دنوں لیگی قائدین سے ان کی ملاقاتوں کی وجہ سے شہبازشریف کو بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا گیا۔ طبی ماہرین کی تجویز پر شہبازشریف نے بھی کورونا ٹیسٹ کروایا جس کا رزلٹ موصول ہوچکا ہے اور یہ نیگٹو آیا۔ دوسری طرف خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کا ٹیسٹ احتیاطاً کرایا گیا، وہ لندن سے بھی واپس آئے تھے تو اس وقت بھی از خود قرنطینہ میں رہے ۔