ہرے رنگ کے انڈے دینے والی مرغی، دیکھ کر سائنسدان اور ڈاکٹر بھی چکرا گئے
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک شخص کی مرغی ایسے محیرالعقول انڈے دے رہی ہے جن کی زردی حیران کن طور پر گہرے سبز رنگ کی ہوتی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اے کے شبھابودھین نامی اس شخص کا تعلق کیرالہ کے ضلع مالاپورم میں واقع گاﺅں اوتھوکنگل سے ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ”9ماہ قبل میری ایک مرغی نے پہلی بار انڈے دینے شروع کیے اور ہم یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ اس کے انڈوں کی زردی سبز رنگ کی ہوتی تھی۔ ہم گھر والوں نے یہ انڈے نہیں کھائے کیونکہ ہمیں ڈر تھا کہ پتا نہیں یہ محفوظ ہوں گے یا نہیں۔ چنانچہ میں نے ان انڈوں کو جمع کیے رکھا اور ان سے بچے نکلوا لیے۔ ان بچوں میں سے جو مرغیاں نکلیں، انہوں نے بھی انڈے دینے شروع کیے تو ان کے انڈوں میں بھی زردی سبز رنگ کی ہی تھی۔“
شبھابو کا کہنا تھا کہ”جب ان انڈوں سے بچے نکل آئے تو ہمیں یقین ہو گیا کہ یہ بھی دوسرے انڈوں جیسے ہی ہیں چنانچہ ہم نے انہیں کھانا شروع کر دیا۔ ان کی زردی کا ذائقہ عام زردی جیسا ہی ہوتا ہے۔“
رپورٹ کے مطابق شبھابو نے ان انڈوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں تو وہ دنیا بھر میں وائرل ہو گئیں۔ اب کیرالہ ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے بھی شبھابو سے رابطہ کر لیا ہے اور وہ ان مرغیوں کے انڈوں پر تحقیق کر رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر ان سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ان مرغیوں کو کوئی خاص فیڈ کھلائی گئی ہے جس کی وجہ سے زردی کا رنگ سبز ہوا لیکن شبھابو کا کہنا ہے کہ اس نے ان مرغیوں کو الگ سے کوئی فیڈ نہیں کھلائی۔ ان انڈوں کی حقیقت کیا ہے، یہ سائنسدانوں کی تحقیق کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی پتا چلے گا تاہم شبھابو کا کہنا ہے کہ ان انڈوں کی بہت ڈیمانڈ آ رہی ہے اور لوگ بہت مہنگے داموں انہیں خریدنا چاہتے ہیں لیکن میں یہ انڈے بچے نکلوانے کے لیے جمع کر رہا ہوں، جب اس نسل کی کافی مرغیاں ہو گئیں، تب میں ان کے انڈے فروخت کرنا شروع کروں گا۔