بیوی کے عاشق کو آدمی نے کورونا وائرس کی دوائی کی شکل میں زہر دے دیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک شخص نے کورونا وائرس کی آڑ میں اپنی بیوی کے مبینہ آشنا اور اس کی پوری فیملی کو زہر دے ڈالا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پیش آیا ہے جہاں پردیپ نامی شخص کو شبہ تھا کہ علاقے میں سکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرنے والے ایک شخص کے اس کی بیوی کے ساتھ ناجائز مراسم ہیں۔ اس پر پردیپ نے دو خواتین کی خدمات حاصل کیں اور انہیں زہر دے کر دہلی کے علاقے علی پور میں واقع اس سکیورٹی گارڈ کے گھر بھیج دیا۔
رپورٹ کے مطابق ان خواتین نے متاثرہ خاندان کو بتایا کہ وہ ہیلتھ ورکرز ہیں اور لوگوں کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کی دوا پلا رہی ہیں۔ چنانچہ انہوں نے سکیورٹی گارڈ اور اس کے تمام گھروالوں کو بھی زہر پلا دیا۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی پورے خاندان کی حالت غیر ہو گئی اور انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سب کی جانیں بچا لیں۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس خاندان کو زہردینے والی خواتین کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا اور ان خواتین نے پردیپ نامی ملزم کو گرفتار کروا دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پردیپ نے دوران تفتیش اعتراف کر لیا ہے کہ اس نے بیوی کے ساتھ ناجائز تعلقات کی وجہ سے اس سکیورٹی گارڈ اور اس کے گھر والوں کو زہردلوایا۔