4 شیروں کے گھیرے میں خاتون نے بچے کو جنم دے دیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات میں ایک خاتون کو زچگی کے لیے ایمبولینس میں ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ راستے میں چار شیروں نے ایمبولینس کو گھیر لیا اور مجبوراً ایمبولینس میں موجود طبی عملے کو وہیں سڑک پر زچگی کرنی پڑ گئی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ حیران کن واقعہ گجرات کے ضلع گرسومناتھ میں پیش آیا رات کی تاریکی میں ویران جگہ پر چار شیروں نے ایمبولینس کو روک لیا۔
رپورٹ کے مطابق شیروں کی وجہ سے ایمبولینس رک جانے کے باعث ایمبولینس میں موجود طبی عملے نے وہیں خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش کروائی۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون نے صحت مند بچے کو جنم دیا اور خود خاتون کی صحت بھی ٹھیک ہے۔ بچے کی پیدائش ہو جانے کے بعد بھی 20منٹ تک شیروں نے ایمبولینس کو وہیں روکے رکھا اور پھر راستے سے ہٹ گئے جس کے بعد خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور وہاں زچہ و بچہ کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گجرات میں اس نوعیت کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ 10مئی کو اسی طرح رات کے وقت کئی شیروں نے سڑک پر ایک ایمبولینس کو روک لیا تھا اور اس ایمبولینس میں خاتون نے بیک وقت تین بچوں کو جنم دیا تھا۔