پاکستان کی تاریخ میں مسافر طیارے کا پہلا حادثہ کب ہوا اور اس میں کتنے لوگ جاں بحق ہوئے؟ پاکستان میں فضائی حادثات کی تاریخ جانئے

پاکستان کی تاریخ میں مسافر طیارے کا پہلا حادثہ کب ہوا اور اس میں کتنے لوگ جاں ...
پاکستان کی تاریخ میں مسافر طیارے کا پہلا حادثہ کب ہوا اور اس میں کتنے لوگ جاں بحق ہوئے؟ پاکستان میں فضائی حادثات کی تاریخ جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

وہاڑی / کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں قومی ایئر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ، اس طیارے میں 107 مسافر سوار تھے جن میں سے متعدد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستان میں یہ حادثہ کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ اب تک متعدد فضائی حادثات میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بیورو آف ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹس آرکائیوز کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود میں پہلا  فضائی حادثہ 27 دسمبر 1947 کو ایئر انڈیا کی پرواز کو پیش آیا تھا ۔ یہ حادثہ اس وقت کے دارالحکومت کراچی میں پیش آیا تھا جس میں 23 افراد جان کی بازی ہارے تھے۔

پاکستان کی فضائی حدود میں سرکاری ایئر لائن کے  طیارے کو پہلا حادثہ 26 نومبر 1948 کو پیش آیا تھا جس میں 16 مسافروں اور عملے کے 5 ارکان سمیت 21 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ طیارے کو حادثہ جنوبی پنجاب کے شہر وہاڑی کے قریب تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔

جب یہ حادثہ پیش آیا اس وقت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کو پاک ایئر ویز کے نام سے جانا جاتا تھا۔  پاک ایئر ویز کی بنیاد 1948 میں رکھی گئی تھی لیکن ایک سال میں ہی اس کے 3  طیارے حادثوں کا شکار ہوئے جس کے باعث اس کمپنی کو بند کردیا گیا۔

پاکستان کی فضائی حدود میں اب تک 82 فضائی حادثات ہوچکے ہیں جن میں غیر لڑاکا فوجی اور مسافر دونوں طیارے شامل ہیں۔ جمعۃ الوداع کو ہونے والے حادثے کو نکال کر ان واقعات (81 حادثات) میں  1001  افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

سرکاری ایئر لائن کو پاکستان کی فضائی حدود میں پہلا حادثہ وہاڑی میں پیش آیا  تھا لیکن پاک ایئر ویز کے کسی طیارے کو پہلا حادثہ 10 مئی 1948 کو عراق کے شہر بصرہ میں پیش آیا تھا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔  پاک ایئر ویز کے طیاروں  کو 1948 اور 1949 کے دوران تین فضائی حادثات پیش  آئے جس کے بعد اس کمپنی کو بند کردیا گیا تھا۔

پاکستان کی تاریخ میں سب سے برا فضائی حادثہ 28 جولائی  2010 کو ایئر بلیو کے طیارے کو پیش آیا تھا۔ اسلام آباد میں پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے میں 152 افراد جان کی بازی ہارے تھے۔

پاکستان کی تاریخ کا دوسرا بدترین فضائی حادثہ  بھی اسلام آباد میں ہی پیش آیا تھا۔ 20 اپریل 2012 کو  بھوجا ایئر لائن کی پرواز کو پیش آنے والے اس حادثے میں 127 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

2018 سے 2020 کے دوران پاکستان کی فضائی حدود میں 4 فضائی حادثات ہوچکے ہیں جن میں جمعۃ الوداع کو پیش آنے والا حادثہ بھی شامل ہے۔ اس سے پہلے رواں سال 12 جنوری کو صادق آباد میں  پاک فضائیہ کا بیور طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔30 جولائی 2019 کو اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا بیچ کرافٹ 350 سپر کنگ ایئر نامی طیارہ گرا تھا جس میں 19 افراد جاں بحق  ہوئے۔ 9 نومبر 2018 کو نور خان ایئر بیس پر سی 130 طیارہ گرا تھا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔