جہانگیر ترین کیس میں احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،حکومت نے دو ٹوک بتا دیا 

 جہانگیر ترین کیس میں احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،حکومت نے دو ...
 جہانگیر ترین کیس میں احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،حکومت نے دو ٹوک بتا دیا 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کیس میں احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا نہ ہی کسی کو اس بات کی توقع ہے کہ عمران خان کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ کریں گے ، ایم این اے ، ایم پی ایز میں کوآرڈینیشن کا فقدان تھا ، کچھ غلطیاں صوبائی حکومت کی طرف سے ہوئیں اور کچھ ایم این اے ، ایم پی ایز کی غلط فہمیاں ہیں ، دونوں کے درمیان معاملات بہتر بنانے کےلئے رابطے کی ضرورت تھی اسی لئے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی ، اس کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنائیں گے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میں (آج) ہفتہ کو جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات کروں گا ، ہم ان تمام معاملات کو حل کریں گے ،کیس ختم کرنے کی کوئی بات نہیں ہوئی ،جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہورہی تھی صرف کوآرڈینیشن کا فقدان تھا ، اگر انتقامی کارروائی ہورہی ہوتی تو ایم این اے ، ایم پی اےز کو اتنا اطمینان نہ ہوتا،جب حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہوتی تو ایسے معاملات ہوتے رہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے ، شہزاد اکبر کی اپنی ذمہ داریاں ہیں ، سب نے انہیں ہی ولن بنا لیا ہے ،ہمیں صرف اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں، ان کا کردار تھوڑا تلخ ہے اس لئے انہیں ولن سمجھا جا رہا ہے ، شہزاد اکبر وہی کرتے ہیں جو حکومت ان سے تقاضا کرتی ہے ، ان کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ، اپنے عہدے کی وجہ سے انہیں سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں ، جو یہ سمجھتے ہیں کہ شہزاد اکبر نہیں ہوں گے تو یہ معاملات ختم ہو جائیں گے تو ان لوگوں کو حکومت کا پتہ ہی نہیں ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آمر نہیں ،وہ تمام فیصلے مشاورت سے کرتے ہیں ، وفاقی کابینہ کا ہرفرد حکومتی فیصلوں کا ذمہ دار ہے ، شہزاد اکبر بھی کابینہ کی حمایت سے فیصلے کرتے ہیں ،کابینہ کے بغیر وہ ایسے فیصلے کر ہی نہیں سکتے ، ایم این ایز ایم پی ایز نے کوئی زیادہ تلخ باتیں نہیں کیں ، پارٹی میں ایسے شکوے شکایات ہوتے رہتے ہیں ، کوئی علیحدہ گروپ نہیں بنا ، اگر ہے بھی تو زیادہ عرصے چل نہیں سکے گا ، احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، جہانگیر ترین پارٹی کا حصہ ہیں ان کی پارٹی کےلئے اہم خدمات ہیں ،جہانگیرترین سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ۔

مزید :

قومی -