لندن، نقاب پوشوں کی نواز شریف  پر حملے کی مبینہ کوشش، دھمکیاں، خداکسی کو بزدل دشمن نہ دے، مریم، لندن پولیس تحقیقات کرائے شہباز شریف، واپس آجائیں جیل میں مکمل سکیورٹی دینگے: شہباز گل

لندن، نقاب پوشوں کی نواز شریف  پر حملے کی مبینہ کوشش، دھمکیاں، خداکسی کو ...

  

 لندن  (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پر لندن میں نامعلوم افراد نے  حملے کی مبینہ کوشش کی۔ن لیگی رہنما ؤں نے دعویٰ کیا کہ، چار نقاب پوشوں نے حسن نواز کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی، سابق وزیراعظم اپنے بیٹے حسن نواز کے دفتر میں موجود تھے، نقاب پوشوں نے دفتر کی سیڑھوں پر حسن نواز کو دھمکیاں دیں۔ عابد شیر علی اور نواز شریف کے محافظوں نے مبینہ حملہ آوروں کو روکا، پولیس کو طلب کرنے پر نقاب پوش فرار ہو گئے، لندن پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف پاکستان کے عوام کی آواز ہیں اور انہیں خاموش نہیں کیا جا سکتا۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔ نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی،ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔مریم نواز نے مزید لکھا کہ نواز شریف پر حملہ اپنے چہرے پر سیاست کا لبادہ اوڑھے ہوئے عناصر کی شکست اور بے چینی ظاہر کرتا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ لندن میں حسن نواز کے دفتر میں حملے کی نیت سے زبردستی غنڈوں کا گھس آنا انتہائی قابل مذمت، شرمناک او ر تشویشناک امر ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ قائد محمد نوازشریف اس حملے میں محفوظ رہے۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ان نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر محمد نوازشریف پر مذموم حملے کی نیت سے دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے، لندن پولیس اور متعلقہ حکام اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے لندن میں محمد نوازشریف پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستانی عوام کے دل میں بستے ہیں، یہ حملہ عوام پر حملہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ  عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے قائد پر حملہ کرنے والوں کو بے نقاب کیاجائے اور عبرت کی مثال بنایاجائے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف پر لندن میں مبینہ حملے کے بعد انھیں وطن واپس آنے اور جیل میں مکمل سیکیورٹی دینے کی پیشکش کی ہے۔مریم نواز شریف کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ اللہ محفوظ رکھے۔ حیرانی کی بات ہے کہ وہ خود لندن گئے اور واپس آنے کو تیار نہیں، اب وہاں پر ان کی سیکیورٹی کی ذمہ داری آپ اپنے سیاسی مخالفین پر ڈال رہی ہیں۔ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے، اگر آپ کے والد لندن میں محفوظ محسوس نہیں کر رہے تو انہیں فوراً واپس آنا چاہیے، یہاں جیل میں انھیں مکمل سیکیورٹی ملے گی۔

نواز شریف حملہ

مزید :

صفحہ اول -