پاکستان کا ہرفرد غزہ کیساتھ، آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر امن نہیں ہو سکتا: وزراء مشیران
اسلام آباد، لاہور(سٹاف رپورٹر،لیڈی رپورٹر،نیوزایجنسیاں)وفاقی وزراء اور مشیران نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر فرد غزہ اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی کیلئے تیار ہے، وزیراعظم عمران خان کی پکار پر ہر فرد لبیک کہے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے، ہم سب فلسطین ہیں، سیز فائر ہونا کامیابی ہے، حقوق ملنے تک ہم جدوجہد میں آپ کے ساتھ ہیں۔معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر مظالم اسرائیل کیخلاف متحد ہونے کا تقاضا کرتے ہیں، فلسطینیوں کیساتھ یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی دہشتگردی کا جواب دیں۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی آج عمران خان کی کال پر اجتماع کر رہی ہے، راولپنڈی کا بچہ بچہ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا مستقل حل ہے۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کے گھروں پر جبری قبضے اور ان پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتی ہے- اعجاز احمد شاہ نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ فلسطین پر جاری حملوں سے پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، بیگناہ اور معصوم فلسطینی مسلمانوں کی شہادت اور جنگی نقصانات پر پوری قوم رنجیدہ ہے، معصوم بچوں عورتوں اور بزرگوں کا خون آزادی فلسطین کی تحریر بنے گا، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے اسرائیلی ظلم و بربریت روکنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے آخری حد تک جائے گی، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بم باری عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینیو ں کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر پائیدار امن نہیں ہوسکتا، ہماری پالیسی قائداعظم کے وژن کے مطابق ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اسرائیلی حیوانوں نے ایک عرصے سے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔
وزراء کا ردعمل