مائرہ قتل کیس کے مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں پیش کردیاجائیگا‘آئی جی

 مائرہ قتل کیس کے مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں پیش کردیاجائیگا‘آئی جی

  

 لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ مائرہ مرڈر کیس کے اصل حقائق کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے لاہور پولیس شب و روز کوشاں ہے اور بہت جلد اصل مجرمان کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے کٹہرے میں پیش کردیا جائے گا  انہوں نے کیس کی تفتیش میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کا جائرہ لیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور اور ایس پی سی آئی اے لاہور کو ہدایت کی کہ وہ کیس کی تفتیش جلد از جلد اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ قتل کی رات پیش آنے والے واقعات سمیت تما م پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تفتیش میں ہونے والی تمام پراگریس کی رپورٹ ہفتہ وار بنیادوں پر سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے جبکہ کیس کی تفتیش میں ہونے والی پراگریس کو میں خود بھی مانیٹر کر تا رہوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں مائرہ مرڈر کیس کی تفتیش کی تازہ ترین صورتحال بارے منعقد ہ اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ 

سی سی پی او لاہور غلام محمودڈوگر نے کیس میں ہونے والی اب تک کی پیش رفت بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تفتیش میں جیو فینسنگ کے علاوہ جائے وقوعہ سے ملنے والے تمام شواہد کو فارنزک کیلئے لیبارٹری بھجوا جا چکا ہے جبکہ پولیس تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ تفتیش کی رفتار کو مزید بڑھایا جائے اور کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے مجرمان کو پابند سلاسل کروایا جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تما م دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مقتولہ کی فیملی کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل اختر سیکھیرا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال، ایس پی سی آئی اے شعیب خرم، ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ نوید ارشاد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ 

مزید :

علاقائی -