سی پیک سے خیبر پختونخوا کے عوام کی تقدیر بد ل جائیگی: اکبر ایوب خان 

سی پیک سے خیبر پختونخوا کے عوام کی تقدیر بد ل جائیگی: اکبر ایوب خان 

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ پاک۔چین دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پاک۔چین راہداری منصوبے سمیت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین راہداری سے عموماً پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے ستر سال سفارتی تعلقات ہمیشہ خوش گوار رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی سترہویں یوم سالگرہ اور یادگار تصویر ی نمائش کے حوالے سے چائنہ ونڈو پشاور کی طرف سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات کو دونوں ممالک کے درمیان تاریخ و ثقافت پر مبنی تصویری نمائش پر چائنہ ونڈو کے منتظم اعلیٰ نے تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے موقع پر اکبر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔چین سفارتی تعلقات اور دوستی کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی کیونکہ اس سفارتی تعلقات میں دنیا کی بلند ترین چوٹی اور پہاڑی سلسلے حائل نہ ہو سکی اوردونوں برادر ممالک کے سفارتی تعلقات روز بروز مزید بہتر سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور آئے دن لوہے کی طرح مضبوط ہو رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی اور بے مثال سفارتی تعلقات کا آغاز اسی دن 1951 میں ہوا، جو آج ستر سال مکمل ہونے کے بعد پہلے سے کہیں زیادہ چٹان کی مانند مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں۔ وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ دنیا کی بلند ترین شاہراہ قراقرم پاک چین دوستی کی ایک بہترین مثال ہے اور اس زمینی رابطوں کا سفر جاری رکھتے ہوئے آج چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعاون کیلئے مزید مضبوط خطوط پر استوار کرنے کیلئے فلیگ شپ منصوبہ ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کو مزید قریب لا رہا ہے۔ سی پیک کے تحت رشکئی اور دیگر سپیشل اکنامک زونز کی ترقی سے آنے والے عشروں میں صنعتی اور دیگر مشترکہ منصوبوں میں باہمی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہونگے اور ہمارا معاشی نظام ترقی کی راہ پر گامزن ہونگا ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطین کے حوالے وزیر بلدیات نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین پر ظلم وبربریت کی تمام حدیں توڑ دیں انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اسرائیل فلسطین کے حقوق تسلیم نہیں کرتے تو پاکستانی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے رہے گے اور تمام فورمز پر فلسطین کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور خیبر پختونخوا کی حکومت کی طرف سے دونوں ملکوں کے عوام کو سفارتی تعلقات کے سترہویں سالگرہ پر مبارکباد پیش بھی پیش کی۔

مزید :

صفحہ اول -