چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیا ز کا لائیو سٹاک توسیع و ڈیر ی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ

  چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیا ز کا لائیو سٹاک توسیع و ڈیر ی ڈویلپمنٹ ...

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے جمعہ کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل لائیو سٹاک توسیع و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پشاور کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری،موبائل ویٹرنری کلینک، موبائل پیٹس کلینک، ایف ایم ڈی ویکسین بینک اور مصنوعی نسل کشی سے متعلق آلات کا معائنہ کیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو لائیو سٹاک کے تمام شعبوں کی اہمیت،جاری منصوبوں پر پیش رفت اور اہداف کے حصول سے متعلق کامیابیوں کے بارے آگاہ کیا گیا۔محکمہ لائیو سٹاک توسیع کے ڈائریکٹر جنرل عالمزیب نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ڈیری ڈویلپمنٹ سمیت لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور محکمہ کو درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے پیٹس کلینک، موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری اور موبائل ویٹرنری کلینکس سمیت دیگر اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے میں عید الاضحی کے موقع پر کانگو وائرس سے بچاو کے لئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے چیف سیکرٹری نے پولٹری،دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے، مناسب مقامات پر بیماریوں سے جانوروں کو محفوظ رکھنے کے لیے موبائل کلینک قائم کرنے،جانوروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے،لائیو سٹاک کے شعبے کو مزید وسعت دینے، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن،پیٹس کے علاج کے لئے ان ڈور سہولت کی فراہمی،ضم شدہ اضلاع کے لیے موبائل ملک(دودھ) ٹیسٹنگ لیبارٹریوں اور موبائل ویٹرنری کلینک میں توسیع، ون ہیلتھ پروگرام کے حوالے سے کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کے فوری انعقاد اورمزبح خانوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو جانوروں کی وبائی امراض خاص طور پر منہ کھر (ایف ایم ڈی) کی بیماری کی روک تھام کے حوالے سے آگاہ کیا۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

مزید :

صفحہ اول -