سڑک مرمت کا منصوبہ، ٹینڈر3فیصد زائد ریٹ پر فائنل
ملتان (سپیشل رپورٹر)میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے شعبہ آئی اینڈ ایس کے افسروں واہلکاروں نے اینٹی کرپشن میں مقدمات کے باوجود بھی روش نہ بدلی، من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے لئے چوک گھنٹہ گھر سے دولت گیٹ تک سڑک کی مرمت کے منصوبہ کا ٹینڈر تین فیصد زائد ریٹ پر جاری کر دیا، 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ٹینڈر تخمینہ لاگت سے تین فیصد زائد پر جاری کر کے پول کروا دیا گیا۔ ٹینڈر پول ہونے سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان کا (بقیہ نمبر8صفحہ6پر)
سامنا کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن انتظامیہ نے بھی من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے لئے چوک گھنٹہ گھر سے دولت گیٹ تک سڑک کی مرمت کے منصوبہ کا ٹینڈر تین فیصد زائد ریٹ پر جاری کر دیا، 3 کروڑ 10 لاکھ کے منصوبے کا ٹینڈر پول کروا کر بھی قواعد کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹھیکیداروں ملک ریحان، محمد اللہ خان، چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن چوہدری شفیق، ایم او آئی سمیت دیگر افسران مستفید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ افسران نے اپنا کمیشن کھرا کر کے ٹھیکیداروں میں بھی 31 ہزار روپے فی کس تقسیم کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق اگر اسی ٹینڈر کو مقابلے کے بعد جاری کیا جاتا تو میٹرو پولیٹن کارپوریشن انتظامیہ کو 50 سے 60 لاکھ روپے بچت ہو سکتی تھی اور وہ رقم کسی اور منصوبے پر خرچ ہو سکتی تھی۔ عوامی حلقوں نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن انتظامیہ اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچائے جانے کی شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن جاوید اختر محمود ٹینڈر پول ہونے کا فوری نوٹس لیں۔
فائنل