لیاری میں صفائی کی ناقص صورتحال، ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا اظہار ناراضی

لیاری میں صفائی کی ناقص صورتحال، ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا اظہار ناراضی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ نے ضلع جنوبی لیاری زون میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوسی 13,7  اور یوسی15سے بہت شکایات موصول ہو رہی ہیں اور میں نے بھی ایک ایک گلی وزٹ کی ہے ابھی تک صرف کچھ علاقوں سے گھر گھر سے کچرا اٹھایا جا رہا ہے جبکہ گاڑیاں اور عملہ ضرورت کے مطابق تعینات نہیں ہے عملے اور مشینری کی کمی فوری طورپرپوری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو ڈی ایم سی کے سینیٹری ورکرز کام نہیں کررہے انہیں واپس بھیجیں اور نئے سینیٹری ورکرزضرورت کے مطابق بھرتی کریں۔ انہوں نے کہا سوئپنگ اور کچرا روزانہ کی بنیادپردوشفٹ میں اٹھایا جائے اور اس کام میں مجھے شکایات نہ ملیں۔ گھر گھر سے کچرااٹھانے کے لئے ایک مہینے کا ٹائم دیا جائے گا بصورت دیگر صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو معاہدہ کے مطابق قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جہاں ڈسٹ بن خراب ہوگئے ہیں نئے تبدیل کریں۔ اجلاس میں خلیل احمد، صدر پیپلز پارٹی جنوبی، کامران اللہ واکاسی، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی جنوبی،ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، متعلقہ افسران،اور چائنیز کنٹریکٹر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈویسٹ نے کہا کہ سروئیر مقررکریں جوعلاقوں کا اچانک دورہ کریں اور حاضری چیک کریں جس سینیٹری ورکرکی حاضری کی تصدیق ہوگی اسے تنخواہ ملے گی۔ جبکہ انہوں نے سینیٹری ورکرز کوگورنمنٹ سے منظورشدہ اجرت دینے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ شکایات کے فوری ازالے کے لئے ایک الگ ٹیم بمعہ گاڑیاں اور مشینری تشکیل دی جائے جو صرف شکایات پر جا کر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مہینے تک گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے لئے رکشہ خرید لئے جائیں اور نئے سینیٹری ورکرز بھرتی کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کا علاقہ دیگر علاقوں سے مختلف ہے یہاں تنگ گلیاں ہیں لہذا علاقہ کی مناسبت سے گاڑیاں اور دیگر مشینری منتخب کرکے پلان تشکیل دیں۔ جبکہ انہوں یوسی وائز گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے شیڈول پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے چائنیز کمپنی، متعلقہ افسران، اور سی ایس آئی کو ہدایت جاری کیں کہ تین دن میں تمام حکمت عملی مرتب کرکے اس پر عملدرآمد کیا جائے۔دریں اثناء انہوں نے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے علاقے کے عہدیداران سے علاقوں میں صفائی کی بہتری کے لئے تجاویز اورتعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے اچانک دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا خود معائنہ کریں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -