افسوس ناک الفاظ
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین جناب عمران خان نے ملتان میں جلسہ ئ عام سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مریم نواز کو جس طرح مخاطب کیا، اور جو الفاظ استعمال کیے، ان پر اظہارِ افسوس کیے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔مریم نواز بھی سیاست میں ہیں اور عمران خان صاحب بھی اسی حوالے سے ممتاز ہیں، دونوں کو ایک دوسرے سے اختلاف کرنے اور ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا پورا حق حاصل ہے لیکن اس کے لیے اخلاق و اقدار کے دائرے میں رہنا از حد ضروری ہے۔امید کی جانی چاہیے کہ جناب خان کو اپنی غلطی کا احساس ہو گا اور وہ اس کا مداوا کریں گے۔اس سے قطع نظر ہماری جملہ اہل سیاست سے گذارش ہے کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کرنا سیکھیں،ذاتی حملوں سے گریز کریں، سیاست کا کھیل بھی قواعد و ضوابط کے مطابق کھیلا جانا چاہیے، اسے جنگ سمجھ لینا اور پھر ہر حربے کو جائز قرار دے لینا کسی طور بھی جمہوری تو کیا انسانی طرزِ عمل بھی نہیں ہے۔