سپورٹس راؤنڈ اپ

سپورٹس راؤنڈ اپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نوواک جوکووچ نے چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام 
سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ نے چھٹی مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس سیٹسیپاس کو شکست دے کر نہ صرف ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ اے ٹی پی ٹور مقابلوں میں 1001ویں فتح حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔اس سے قبل 34سالہ نوویک جوکووچ نے ٹاپ فور راؤنڈ میں ناروے کے کیسپر رڈ کو شکست دے کر کیریئر کی 1000ویں فتح بھی اپنے نام کی تھی۔ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اٹلی میں جاری ہے۔مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں 34 سالہ سربین سٹار نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئیحریف یونانی کھلاڑی سٹیفانوس سیٹسیپاس کو سٹریٹ سیٹس میں 0-6 اور 6-7(5-7) سے شکست دے کر نہ صرف چھٹی مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ایونٹ جیتا بلکہ کیریئر کا 87 واں اے ٹی پی ٹائٹل بھی اپنے نام کی۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک گھنٹہ اور 37 منٹ تک فائنل مقابلہ جاری رہا۔ عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کا رواں سال کا پہلا ٹائٹل جو انہوں نے اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے بعد نوویک جوکووچ نے کہا کہ وہ اپنی اس فتح پر بہت خوش ہیں اور اس فتح کا فائدہ ان کو فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 1001ویں اے ٹی پی ٹور فتح ان کے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔رواں سال کا دوسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آئندہ ہفتہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شیڈول ہے۔نوویک جوکووچ نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت کر رافیل نڈال کے سب سے زیادہ 21گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کے ریکارڈ کو برابر کریں۔نوویک جوکووچ اب تک 9مرتبہ آسٹریلین اوپن، 2 مرتبہ فرنچ اوپن،6 مرتبہ ومبلڈن اوپن اور 3مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس کے ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔ اس فتح کے بعد نوویک جوکووچ کے ماسٹرز کی تعداد 38 ہوگئی ہیجو ایک ریکارڈ ہے۔


ایتھلیٹ ارشد ندیم انجری کا شکار
ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے۔ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ جیولن تھرو کرتے وقت ان کے بازو میں تکلیف بڑھتی جارہی ہے، جس وجہ سے ان کا آپریشن لندن میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں، ورلڈ چیمپئن شپ اور کامن ویلتھ گیمز کے بعد ان کا آپریشن لندن میں کرایا جائے گا جس کیلئے غیر ملکی اسپورٹس سرجن اور اسپورٹس فزیو کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔


پاکستانی کوہ پیماہ  ٹریننگ کے دوران گر کر شدید زخمی
پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ اسکردو میں معمول کی ٹریننگ کے دوران پہاڑ سے گر شدید زخمی ہوگئے۔ الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری کا کہنا تھا کہ 55 سالہ علی رضا سدپارہ معمول کی ٹریننگ کے لیے پہاڑ پر موجود تھے اور اسی دوران پھسل کر کھائی میں گر گئے۔زخمی کوہ پیما کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ریجنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال اسکردو منتقل کردیا گیا۔


 فیصل ملک،کامیابی کیلئے پرعزم
مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر فیصل ملک کا مقصد دنیا کا پہلا برطانوی ایشین ایم ایم اے ورلڈ چیمپئن بن کر تاریخ رقم کرنا ہے جبکہ وہ کولچسٹر کے چارٹر ہال میں 28 مئی کو 'کیج واریئرز' مقابلے میں اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس نے کئی سابق لیجنڈز دنیا میں متعارف کرائے ہیں جن میں کونور میک گریگور اورمائیکل بسپنگ بھی شامل ہیں۔فیصل ملک کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی انتظامی کمپنی نے کہا ہے کہ لوٹن میں پیدا ہونے والے فائٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ وہ کیج واریرز کے پہلے برطانوی ایشین چیمپئن بننے کے ساتھ ساتھ 'دی الٹی میٹ فائٹنگ چیمپئن شپ' (یو ایف سی) بھی جیتیں گے۔فیصل ملک کا کہنا ہے کہ عالمی چیمپئن بننا حیرت انگیز، ایک ناقابل یقین کامیابی اور ایک خواب ہوگا خاص طور پر جبکہ میں ایسا کرنے والا پہلا ایشیائی برطانوی باشندہ ہوں گا اور کچھ نہیں تو یہ کم از کم یہ ضرور ثابت کرے گا کہ میں خود پر اعتماد رکھتا ہوں لیکن اس وقت میں بہت زیادہ دور کا سوچنا نہیں چاہتا، مجھے بس جیتتے رہنا ہے، اپنی جیت سے شور پیدا کرنا ہے اور تاریخ ساز عالمی چیمپئن بننے کے لیے مجھے صرف یہی کرنا ہے۔


ورلڈکپ میں جگہ بناؤ، نقد انعام پاؤ
 پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیاکپ سے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے پر قومی ٹیم کو نقد انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل آصف باجوہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات میں اس فیصلے سے آگاہ کیا۔جبکہ قومی ٹیم ایشیا کپ کیلئے جکارتا پہنچ گئی۔ ٹورنامنٹ 23مئی سے شروع ہوگا۔ ایونٹ کیلئے ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا۔ پول اے میں بھارت، جاپان، پاکستان، انڈونیشیا جبکہ پول بی میں ملائیشیا، کوریا، عمان اور بنگلا دیش شامل ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا۔ لاہور سے روانگی سے قبل کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ ایشیا کپ سے ورلڈکپ میں رسائی ہمارا ہدف ہے، ٹیم متوازن ہے اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -