گجرات،رشتہ تنازع پر چچا کے ہاتھوں قتل سپین پلٹ دو سگی بہنیں سپردخاک
کھاریاں،لاہور،(کرایم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) رشتہ کے تنازع پر چچا کے ہاتھوں قتل ہونیوالی سپین پلٹ دو سگی بہنوں کو آبائی علاقہ نوتھیہ میں سپردخاک کردیا گیا،نماز جنازہ پولیس کے سخت پہرے میں ادا کی گئی۔مقتولین کی والدہ نے بھی جان کوخطرہ ظاہر کیاتھا جسکے بعد پوسٹمارٹم مکمل ہوتے ہی لاشیں پولیس کی نگرانی میں نوتھیہ پہنچائی گئیں۔پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،جبکہ تھانہ گلیانہ پولیس نے اپنی مدعیت میں انیسہ اور عروج کے دوہرے قتل کا مقدمہ 7نامزد اور دو نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی،تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی،مقدمہ میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گجراب میں پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنوں کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا 24 سالہ انیسہ عباس اور 21 سالہ عروج عباس کے قتل کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور انہیں ممکنہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا دونوں بہنیں اپنے پاکستانی شوہروں سے علیحدگی چا ہتی تھیں اور انہیں سپین سے گجرات زبردستی بلوایا گیا جہاں جمعہ کی رات کو گلہ گھونٹ اور فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔آئی جی پنجاب نے گجرات پولیس کو اس افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزمان جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈی پی او گجرات اس کیس کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ ملزمان کو جلد گرفتارکر کے سخت سزا دلوائی جائیگی۔ گجرات پولیس کے ترجمان نعمان حسن نے بتایا مقتولین کے اہلخانہ نے انہیں چند دن کیلئے گجرات آنے پر زبردستی راضی کیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ قتل غیرت کے نام پر ہوا لیکن اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دونوں بہنوں پر ان کے پاکستانی شوہروں جو ان کے رشتے میں کزن بھی تھے، دباؤ تھا کہ سپین میں ان کی آمد کیلئے سفارتی امور جلد مکمل کیے جائیں۔پولیس نے بتایا کہ مقتولین کے اہلخانہ کے 7 افراد قتل میں مطلوب ہیں، مذکورہ واقعہ پر مؤقف لینے کیلئے پاکستان میں ہسپانوی سفارتخانے سے ہفتے کو رابطہ نہیں ہوسکا۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے گجرات کے تھانہ گلیانہ کی حدود میں دو بہنوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے، ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔درین اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے گجرات میں دو بہنوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کرنے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ راؤ سردار علی خان نے کہا کہ ڈی پی او گجرات متاثرہ خاندان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ خواتین پر ظلم و زیادتی اور قتل کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں اور سفاک ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
گجرات بہنیں قتل