یونیورسٹیوں کو ڈسپلن کیساتھ ساتھ ریسرچ پر توجہ دینی چاہئے:مشتاق احمد غنی

  یونیورسٹیوں کو ڈسپلن کیساتھ ساتھ ریسرچ پر توجہ دینی چاہئے:مشتاق احمد غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور (سٹاف رپورٹر)قائمقام گورنر خیبر پختو نخوا مشتاق احمدغنی نے کہاہے کہ یونیورسٹیوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ڈسپلن یقینی بنانے اور ریسرچ پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔مخلص و معیاری فیکلٹی اور ڈسپلن برقرار رکھنے کیوجہ سے ہزاراہ یونیورسٹی نے مجموعی طور پر نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اس لئے مذکورہ یونیورسٹی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک کی بہترین یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے 11ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یونیورسٹی کانووکیشن کی تقریب میں قائمقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی نے مختلف شعبہ جات میں تعلیم مکمل کرنیوالے 928 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ 260 امتیازی پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء کو گولڈ میڈلز پہنائے۔ ڈگریاں حاصل کرنیوالوں میں یونیورسٹی کے 2018 سے 2020 سیشن کے بیچلر، ماسٹر ایم فل طلباء و طالبات کے ساتھ 22 پی ایچ ڈی شامل تھے۔قبل ازیں قائمقام گورنر نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا اور طالبات کیلئے ہاسٹل کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ کانووکیشن میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام گورنر مشتاق احمد غنی کا کہناتھاکہ اگر کسی تعلیمی ادارے کی نیک نامی نہ ہو تو وہاں کے طلبہ کو اہمیت نہیں ملتی، اپنے اخراجات اپنے وسائل سے پورے کرنا بھی یونیورسٹیوں کی عمدہ فنانشل منیجمنٹ کا ثبوت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے بہترین مستقبل کیلئے ہماری نیت بھی صاف ہے اور سمت بھی درست ہے۔ مشتاق غنی نے کہاکہ کوشش ہے کہ پاکستان کو اعلی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی میں دنیا میں آگے لیکر جائیں، صوبائی حکومت شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر فارغ التحصیل طلبہ،اساتذہ اور ان کے والدین کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ والدین کی اولین خواہش ہمیشہ اپنے بچوں کا بہترین مستقبل بنانا ہوتا ہے۔#