پنجاب پولیس کی آدھی رات کو کارروائی ، ڈی جی پارلیمانی امور کو حراست میں لے لیا

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہے مگر پولیس نے گزشتہ رات گئے سے ہی اسمبلی افسران کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں ، پولیس نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو حراست میں لے لیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے سیکرٹری پنجاب اسمبلی اور ڈی جی کو آرڈینیشن کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔ ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کی اہلیہ کے مطابق پولیس رات ساڑھے تین بجے دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئی ،۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھروں پر بھی پولیس نے چھاپے مارے تاہم دونوں کے گھروں پر موجود نہ ہونے کے باعث انہیں حراست میں نہ لیا جا سکا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے پنجاب اسمبلی کے افسران کے گھروں میں چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی اور اہلخانہ کو ہراساں کیا۔