پاکستان کے 19 پولیس افسر جدید ترین ٹریننگ کیلئے امریکہ پہنچ گئے

پاکستان کے 19 پولیس افسر جدید ترین ٹریننگ کیلئے امریکہ پہنچ گئے
پاکستان کے 19 پولیس افسر جدید ترین ٹریننگ کیلئے امریکہ پہنچ گئے

  

نیو یارک (طاہر محمود چوہدری) امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ، بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ (آئی این ایل ) افیئرز نے 19 پاکستانی پولیس افسران کو جدید تربیت فراہم کرنے کے لیے سپانسر کیا ہے. پاکستانی آفیسرز جدید پیشہ ورانہ تربیت کے لیے  امریکہ پہنچ چکے ہیں۔

امریکی شہر فورٹ ورتھ، ٹیکساس میں امریکہ کی پچاس ریاستوں اور دنیا کے 16 ممالک سے 300 سے زائد پولیس آفیسر، لاء انفورسٹمنٹ آفیسرز ،ٹریننگ مینجرز اور ڈائریکٹرز  چار روزہ تربیتی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں جو اگلے ہفتے امریکی شہر فورٹ ورتھ، ٹیکساس کے اومنی ہوٹل میں  ہو گی. اس کانفرنس میں امریکی  پیشہ ورانہ تربیت کے ادارے "انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ڈائریکٹرز آف لاء انفورسمنٹ سٹینڈرڈز اینڈ ٹریننگ (IADLEST) مختلف نشستوں میں آفیسرز کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا. یہ چار روزہ کانفرنس اگلے ہفتے 23 مئی  26 مئی تک جاری رہے گی. قبل ازیں گزشتہ ہفتے دیگرافسران کی ایک کانفرنس 15 مئی سے 18 مئی کے دوران منعقد ہو چکی ہے. 

آفیسرز پیشہ ورانہ تربیت کے نمایاں موضوعات میں بھرتی کے لیے موزوں افراد کا چناؤ، آفیسرز سیفٹی اور ان کی فلاح و بہبود، آفیسرز کو پڑھائے جانے والے مؤثر کورسز، منظر نامے پر مبنی تربیت، ڈیٹا بیسیڈ پولیسنگ، ثقافتی چیلنجز، انسٹریکٹر ڈویلپمننٹ اور لیڈرشپ شامل ہیں. ہر سال امریکہ میں ہونے والی یہ کانفرنس دنیا بھر کے لاء انفورسٹمننٹ کے افسران کے لیے تبادلہء خیال، پولیس کی تربیت اور پیشہ ورانہ معیارات کی ترقی کے لیے بہترین طریقہ کار سیکھنے کا ایک نادر موقع ہوتا ہے. 2022ء میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایسی تربیتی شراکت داری کے 40 سال، جبکہ پاک امریکہ تعلقات کے 75 سال مکمل ہو جائیں گے.

امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کے مطابق  انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسٹمنٹ پاکستان کے ذریعے "انصاف، سلامتی اور خوشحالی" کے بینر تلے، شہری دفاع کو بہتر بنانے اور پاکستان بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے چار دہائیوں سے کوشش کر رہے ہیں.

امریکی انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسٹمنٹ اب تک دو ہزار سے زائد پاکستانی پراسیکیوٹرز، ججوں، کمرہ عدالت کے منتظمین اور تفتیش کاروں کو مؤثر استغاثہ کے لیے تربیت فراہم کر چکا ہے. اس کے علاوہ آئی این ایل پاکستان کے 314 سے زائد پاکستانی جیل افسران کو امریکی ریاست کولوراڈو میں "انٹرنیشنل کریکشنل مینجمنٹ ٹریننگ سینٹر" میں جدید تربیت کے لیے سپانسر کر چکا ہے تاکہ پاکستانی جیلوں کے اصلاحی نظام میں مدد کی جا سکے، ایسی تربیت عموماً انتہا پسند گروپوں کے انتہائی خطرناک قیدیوں کا انتظام کرنے والے اہلکاروں کو مہیا کی جاتی ہے.

مزید :

قومی -