شاہ محمود قریشی سے پارٹی چھوڑنے والے عامر کیانی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے پارٹی چھوڑنے عامر کیانی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل پبلک نیوز کے مطابق ذرائع کاکہناہے کہ تھری ایم پی او کے تحت اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سے سابق پارٹی رہنما عامر کیانی نے ملاقات کی ،عامر کیانی نے شاہ محمود قریشی کو تحریک انصاف چھوڑنے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کاکہناہے کہ عامر کیانی نے شاہ محمود قریشی کو موجودہ سیاسی صورتحال سے بھی آگاہ کیا ہے ، عامر کیانی نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے فوری پیغام پہنچائیں کہ 9 مئی کے واقعات میں جوکارکنان ملوث ہیں ان سے فوری لاتعلقی کااعلان کریں ۔
یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنما پارٹی کو خیرباد کہہ چکے ہیں، ان میں عامر کیانی بھی شامل ہیں۔