وہ موبائل ایپ جو آپ کے پیغاما ت کو رکھے انتہائی محفوظ
ڈبلن (نیوز ڈیسک) فیس بک میسنجر ہو یا سنیپ چیٹ، چیٹنگ کے دوران جملوں کا تبادلہ کرتے ہوئے ہم یہ ضرور سوچتے ہیں کہ کہیں یہ الفاظ کسی تیسرے کی نظر میں نہ آجائیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ انٹرنیٹ پر لکھے گئے الفاظ کی جاسوسی بڑے پیمانے پر کی جاتی ہے اور اس کام میں سرکاری اداروں کے علاوہ پرائیویٹ ادارے اور افراد بھی ملوث ہوتے ہیں۔ ایک نئی ایپ OneOne اسی خدشے کو ختم کرنے کیلئے متعارف کروادی گئی ہے۔ اس ایپ کو انسٹال کرنے کے بعد نہ صرف آپ کے میسج مکمل طور پر دوسروں کو نظر سے محفوظ ہوجائیں گے بلکہ اس میں یہ فنکشن بھی ہے کہ بھیجے گئے میسج کو 24 گھنٹے بعد خود کار طریقے سے ختم کردیا جائے گا یعنی اس کا نام و نشان تک ختم ہوجائے گا۔
میسج کو آپ کے فون سے روانہ ہونے سے قبل 2048-bit RSAاور 256-bit AES کرپٹوگرافک سافٹ ویئر کے ذریعے محفوظ بنادیا جائے گا اور پھر کوئی بھی ان کی جاسوسی نہیں کرسکے گا۔ آپ اس ایپ کے ذیعے بیک وقت سات چینل کھول سکتے ہیں جن کے ذریعے مطلوبہ شخص کا ای میل ایڈریس لکھ کر بیک وقت سات لوگوں سے چیٹ کی جاسکتی ہے۔