قبر سے نومولود کی لاشیں نکالنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار
فیصل آباد (ویب ڈیسک) تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حدود میں نومولد بچے کی لاش کو نکالنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر 616 گب کے رہائشی علی شیر نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کے گھر 14/15کی رات کو ایک بچہ پیدا ہونے کے بعد فوت ہوگیا جس کی چند گھنٹوں کے بعد تدفین کی گئی۔ دو دن بعد علی شیر جب اپنے بچے کی قبر پر گیا تو معلوم ہوا کہ قبر کو کھودا گیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علی شیر کے ساتھ قبر کشائی کروائی، جس میں بچے کی لاش موجود نہ تھی۔ جس پر تھانہ صدر تاندلیانوالہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقہ کے مختلف لوگوں سے قبر کشائی کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا شروع کیں تو معلوم ہوا کہ سلیمان نے ساتھی ملزموں منصب، بخت بی بی کے ساتھ بچے کی لاش کو قبر سے نکالا ہے۔ ایس ایچ او صدر تاندلیانوالہ نے پولیس پارٹی کے ستھ چھاپہ مار کر سرغنہ محمد سلیمان کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تفتیش میں سلیمان نے بتایا کہ بچے کی لاش جادوٹونا کیلئے استعمال کی جاتی تھی، وقوعہ کا مقدمہ تھانہ صدر تاندلیانوالہ درج کرلیا گیا۔