میٹرو بس منصوبہ 30جنوری تک ہر صورت مکمل کیا جائے گا : کمشنر راولپنڈی

میٹرو بس منصوبہ 30جنوری تک ہر صورت مکمل کیا جائے گا : کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی (نیٹ نیوز)کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) زاہد سعید نے کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبے کی تاخیر کے حوالے سے تمام افواہیں بے بنیاد ہیں ،کاروباری برادری پریشان نہ ہو منصوبے کو ہر صورت 30جنوری تک مکمل کریں گے ،دھر نوں کی وجہ سے تا خیر ہوئی ہے ورنہ 31دسمبر تک منصوبہ مکمل کر لیتے ،راولپنڈی چیمبر اور تمام تاجرتنظیموں نے حکومت کا بھر پور ساتھ دیا جس پراُن کے مشکور ہیں ،حکومت کاروباری برادری کی پریشانی سے آگا ہ ہے اورع اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ منصوبے کوبر وقت مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،مری روڈ پر میٹرو بس منصوبے کے ساتھ دیگر محکمے جیسے واپڈا، سوئی گیس اور ٹیکی فون وغیرہ کے اہلکار بھی اپنی اپنی تنصیبات کو شفٹ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے بعض اوقات ٹریفک کی روانی یا کاروباری مراکز کو مشکل صورتحال کا سامنا کر نا پڑتا ہے ،منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے حکومت کی خواہش ہے کہ جلد از جلد منصوبے کو مکمل کر کے عوام کو سستی اور با عزت ٹرانسپورت کی سہولت بہم پہنچائی جائے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران صدر چیمبر سید اسد مشہدی اور دیگر اراکین کو میٹرو بس منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

 س موقع پر سابق صدور شیخ شبیر، سہیل الطاف ،سینئر نائب صدر میاں ہمایوں پرویز، نائب صدر صبور ملک، ارکان مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔کمشنر نے کہا کہ امن و امان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ اور تاجروںکے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے تا کہ مسائل کا ادراک کر کے انہیں حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں ، پارکنگ اور تجاوزات کے مسائل کو کاروباری برادری کی مشاورت سے حل کریں گے۔

 ، انہوں نے کہا راولپنڈی چیمبر نے ریجن کی کاروباری برادری کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس سے وہ اپنے مسائل کو بہتر طور پر متعلقہ حکام تک پہنچا سکتے ہیں ۔انہوں نے صدر چیمبر کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔اس سے قبل سید اسد مشہدی نے کمشنر راولپنڈی کو چیمبر کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے پریشان ہے ، تمام کاروباری برادری متفق ہے کہ قومی نوعیت کے اس اہم منصوبے کی تکمیل ضروری ہے ،مذکورہ منصوبے سے شہر کی کاروباری سرگرمیاں اور خاص طور پر مری روڈ کے تمام کاروباری مراکز بُری طرح متاثر ہوئے ہیں ،کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے سے کاروباری طبقہ کے ساتھ ساتھ شہری آبادی بھی مسائل کا شکار ہے ،روزانہ کی بنیاد پر جڑواں شہروں میںسفر کرنے والے الگ پریشانی کا شکار ہیں ،انہوں کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس منصوبے میں کسی بھی تاخیر حربے کو برداشت نہ کیا جائے اور عوام اور کاروباری برادری کے بہترین مفاد میں منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔صدر چیمبر نے شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال ، پارکنگ کی عدم دستیابی اور تجاوزات کے حوالے سے بھی مسائل کو تفصیل سے کمشنر راولپنڈی کو آگا ہ کیا ۔

مزید : کامرس