قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کی فاتح ہوگی،شہریار خان

قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کی فاتح ہوگی،شہریار خان

لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رواں ماہ ساﺅتھ افریقہ میں ہونے والے بلائینڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کرے گی ۔ قومی بلائینڈ کرکٹ ٹیم کے اعزازمیں منعقد ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ اورطارق اعوان بھی موجود تھے ۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ بلائینڈ کرکٹ ٹیم دو بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے اور اللہ کے فضل سے وہ اس بار بھی اپنے اعزاز کا دفاع کرکے ورلڈ کپ جیتنے کی ہیٹ ٹرک کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ وہ مردوں کی بلائینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ ساتھ خواتین کی بلائینڈ کرکٹ ٹیم کو بھی بھرپور سپورٹ کریں گے ۔

شہر یا خان نے اس موقع پر بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے مطالبہ پر لاہور میں بلائینڈ کرکٹ ٹیم کی گراﺅنڈ پر سٹیڈیم بناکر دینے کا بھی وعدہ کرتے ہوئے کہاکہ نہ صرف لاہور بلکہ کراچی اور ملتان میں بھی بلائینڈ کرکٹ کے لئے سٹیڈیم بنانے پر پیش رفت کی جائے گی ۔شہر یار خان نے کہاکہ پی سی بی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے بھرپور کوشش کررہا ہے ۔حال ہی میں افغانستا ن کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا ہے جبکہ دنیا کی بہترین ٹیموں کی انڈر 19اور اے کرکٹ ٹیمیں بھی 2015میں پاکستان کا دورہ کریں گی جبکہ آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبران آئرلینڈ ،سکاٹ لینڈ ،نیدر لینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کرنا چاہتی ہیں جب آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرلیں گی تو آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے پاکستان آنے کی راہ ہموار ہوجائے گی ۔اس موقع پر خطاب کرتے بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہاکہ چیئر مین پی سی بی کے تقریب میں شرکت کرنے سے بلائینڈ کرکٹ ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ بلائینڈ کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجائے گی ۔انہوں نے کہ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار کے کیئے گئے اقدامات سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ اگر بھارت کی بلائینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے تو نارمل ٹیمیں بھی آسکتی ہیں ۔بعد ازاں بلائینڈ کرکٹ کونسل کی طرف سے چیئرمین پی سی بی کو یادگاری شیلڈدی گئی ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی