پاک روس دفاعی معاہدہ وفاقی حکومت کی اہم ترین پیش قدمی ہے، علی اکبر

پاک روس دفاعی معاہدہ وفاقی حکومت کی اہم ترین پیش قدمی ہے، علی اکبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر) پاک روس دفاعی معاہدہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت کی اہم ترین پیش قدمی ہے. میاں محمد نواز شریف کی شب و روز محنت کی وجہ سے دنیا پاکستان کی طرف متوجہ ہونے پر مجبور ہو چکی ہے.پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر، حاجی محمد اقبال، ایوب خان، عمر فاروق قریشی، اقبال خاکساراور علی عاشق گجر نے ایک مشترکہ بیا ن میں کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر قومی امنگوں کی ترجمانی سے مظلوم کشمیری بھائیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ . کشمیر سمیت تمام علاقائی تنازعات پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں ہی حل ہوسکتے ہیں. وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ا قوام عالم پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر اپنے اصولی مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتا. حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر صوبائی رہنما علی اکبر گجر نے تحریک انصاف کے بے موسمی جلسوں کے بارے میں کہا کہ قومی وسائل اور عوام سے لئے گئے چندے کی رقوم کو بے مقصد جلسوں جلوسوں میں اڑایا جا رہا ہے. تبدیلی کے خواہش مند میاں محمدنواز شریف کے عملی اقدامات دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں قوم کے مفادات کے تحفظ کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جمہوری کوششوں کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں. ملک کو انتخابی بخار میں مبتلا کرنے کی تحر یک انصاف کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخاب کو ابھی دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے اور اقتدار کے لئے بے چین سیاسی بازی گروں نے سادہ لوح قوم کو نئے خواب بیچنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے. پاکستانی قوم کی تمام تر توجہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت کے ان اقدامات کی طرف ہے جو وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے کر رہی ہے. میاں محمدد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان ماضی کی ناکام حکمرانیوں کی وجہ سے ملک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کی کوششوں میں کامیاب ہو رہا ہے. چین ، جرمنی ترکی کے بعد روسی حکومت کا پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا خطے کی تاریخ میں اہم تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا. تحریک انصاف کی قیادت کے بچگانہ سیاسی فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے ہر نئے منصوبے کے ساتھ ہی مسلم لیگ(ن) کے سیاسی مخالفین کی ملک کے خلاف عدم استحکام کی کوششوں میں بھی تیزی آجاتی ہے. پاکستان میں تمام جمہوری ادارے احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں ، قوم کا جمہوری سفر کامیابی سے جاری ہے ملکی معیشت ماضی کے اندھیروں سے روشنی کی طرف بڑھ رہی ہے لیکن تحریک انصاف اور اس کی سرپرست قوتیں ملک و قوم کی ترقی کے سفر کو ہر قیمت پر روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں کبھی جلسے جلوس، کبھی دھرنے اور کبھی استعفے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ہیں جنہیں قوم نے ہر موقع پر مسترد کیا اور 2018 کے عام انتخابات تک قوم کسی اقتدار کے بھوکے ٹولے کی چالوں میں آنے کے لئے تیار نہیں اور 2018 کے انتخابات میں بھی دنیا پاکستان مسلم لیگ(ن) کو عوام کی عدالت میں سرخرو دیکھے گی.