بحرانوں سے نجات کیلئے دینی جماعتیں کردار اداکریں،عبدالغفار روپڑی

بحرانوں سے نجات کیلئے دینی جماعتیں کردار اداکریں،عبدالغفار روپڑی

لاہور(پ ر) ملکی مسائل کے حل اور بحرانوں سے نجات کے لیے دینی جماعتیں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں سیاسی گٹھ جوڑ سے وطن عزیز کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے۔ اسلام و ملک دشمن قوتیں لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر حاصل کیے جانے والے پاکستان کو یرغمال بنا کر یہودی ایجنڈے کے نفاذ کے لیے مصروف عمل ہیں ان سے چھٹکارا پانے کے لیے دینی طبقہ کو انقلابی اقدامات اٹھانا ہوں گے ان خیالات اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز خطبہ جمعہ کے دوران حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی نسلیں گزر جانے کے باوجود وطن عزیز آج بھی گھمبیر مسائل سے چھٹکارا پانے سے قاصر ہے۔ بیرونی یلغار کے ساتھ ساتھ ملک کے اندر ہونے والی خانہ جنگی اور سیاستدانوں کی بندر بانٹھ نے پاکستان کو تباہی کے دھانے تک پہنچا دیا ہے روز اول سے ہی چند ہاتھوں نے ملک کو یرغمال بنا کر اس میں اپنی من مانیاں اور اپنے اصول نافذ کیے ہوئے ہیں نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پاکستان چند خاندانوں کے ہاتھوں میں ہی کھیل رہا ہے جنہوں نے پہلے خود ملک کے خزانوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور اب وہ اپنی آنے والی نسلوں کو بھی قوم کے خزانے لوٹنے کے طریقے سکھا رہے ہیں۔ سیاستدان ملک کی بقا و سلامتی کو داﺅ پر لگا کر اپنی جیبیں گرم کرنے میں دن رات مصروف عمل ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1