چیف سیکرٹری پنجاب کی ریٹائرمنٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی تعیناتی میں رکاوٹ بن گئی

چیف سیکرٹری پنجاب کی ریٹائرمنٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی تعیناتی میں رکاوٹ بن ...

لاہور( محمد نواز سنگرا) چیف سیکرٹری پنجاب کی ریٹائرمنٹ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی تعیناتی میں رکاوٹ بن گئی۔اعلیٰ انتظامی سیٹوں پر ہم خیال اور موزوں ترین چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی تعیناتی کےلئے اے سی ایس کی سیٹ پر تعیناتی لٹک گئی ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ یکم جنوری 2015کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سہیل عامر مرزا کی ترقی کے بعد خدمات وفاق کے سپرد کرنے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی سیٹ تقریباًایک ماہ سے خالی ہے جس پر تاحال تعیناتی نہیں کی جا سکی۔تعیناتی میں تاخیر کیوجہ چیف سیکرٹر ی پنجاب نوید اکرم چیمہ کی ریٹائرمنٹ ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی نہایت اہمیت کی حامل ہے اور صوبے کے انتظامی امور کو چلانے کےلئے نئے منتخب کئے جانے والے افسران کی ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ انتظامی سطح پر کسی قسم کے اختلافات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کےلئے چند قابل افسروں کے نام زیر غور ہیں اور ایسے افسران بھی موجود ہیں جن کی تعیناتی میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا لیکن حکومت پنجاب دیکھ رہی ہے کہ چیف سیکرٹری کی ریٹائرمنٹ کے بعد دونوں اعلٰی انتظامی سیٹوں پر موزوں ترین افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ بعد میں انتظامی امور چلانے میں کسی قسم کی مشکل آڑے نہ آئےں۔واضح رہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا چارج سیکرٹری سروسز مبشر رضا کے پاس ہے ۔

چیف سیکر ٹری

مزید : صفحہ آخر