عمران پنجاب میں کالاباغ ڈیم بنانے اور سندھ میں نہ بنانے کی بات کرتے ہیں

عمران پنجاب میں کالاباغ ڈیم بنانے اور سندھ میں نہ بنانے کی بات کرتے ہیں

لاہور(اےن اےن آئی ) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان پنجاب میں کالاباغ ڈیم بنانے اور سندھ میں اسے نہ بنانے کی بات کرتے ہیں، عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں،دوعملی اور جھوٹ کی سیاست نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یہاں کے لوگوں اور سندھ میں و ہاں کے لوگوں پر الزامات کی بوچھاڑ کرنا کونسی سیاست ہے؟ عمران خان کی فاشزم‘ تشدد اور نفرت کی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکی۔ پاکستانی عوام سیاسی عمل پر یقین رکھتے ہیں اور شارٹ کٹ تلاش کرنے والوں کو بالاخر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ خودساختہ احتجاجی تحریک سے تحریک انصاف کا گراف مزید نیچے آیا ہے۔ عمران خان ہٹ دھرمی اور ضد کی سیاست کی علامت بن چکے اور انہوں نے مین نہ مانوں کی رٹ لگا کر عدم مفاہمت کے رویئے کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے ملنے والے ووٹوں کے تناسب سے تحریک انصاف نے اپنا وہ سیاسی کردار ادا نہیں کیا جو اسے کرنا چاہیے تھا اور اب شہر شہر رٹی رٹائی تقریر کر کے عمران خان واضح کر رہے ہیں کہ وہ قدرنرگسیت کا شکار ہیں۔ زعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان ایک ہی دفعہ بتا دیں کہ وہ عوامی عطیات سے قائم ہونے والے ایک ہسپتال اور یونیورسٹی کا مزید کتنا کریڈٹ لینا چاہتے ہیں اور کیا اس کے صلے میں وہ ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لئے کس طرح اہل قرار پا چکے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ پنجاب کے بعد سندھ میں بھی عمران خان نے ایک فلاپ شو کیا ہے۔مزیدبراں سید زعیم حسین قادری نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران اور ان کے ساتھی اپنا سیاسی مستقبل تاریک دیکھ کر مایوس ہوچکے ہیں۔ پرویزالٰہی محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے حساس قومی ایشوز پر بیان بازی کرتے رہتے ہیں۔ چوہدری برادران کا دوراقتدار عوام کی خدمت کی بجائے لوٹ مار اور کرپشن کا دور تھا۔

زعیم قادری

مزید : صفحہ آخر