عمران خان سیاسی قیادت کیخلاف گندی زبان سے گریز کریں، ماروی میمن

عمران خان سیاسی قیادت کیخلاف گندی زبان سے گریز کریں، ماروی میمن

 اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ملک کی سیاسی قیادت کیخلاف گندی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ کوئی اچھا رہنما قومی قیادت کیخلاف توہین آمیز اور غیر مہذب زبان استعمال نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اور دوسروں پر تنقید جمہوری نظام کا حسن ہے لیکن کوئی معاشرہ کسی جمہوری منتخب شخص کیخلاف قابل اعتراض انداز میں گفتگو کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے کے منصوبہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ حکومت کو کسی پرامن سیاسی اجتماع کے انعقاد پر کوئی اعتراض نہیں تاہم وہ کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے کسی بھی غیر قانونی حرکت سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنوں کی وجہ سے قومی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا تاہم حکومت نے اس نقصان پر قابو پانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں اور چین کے ساتھ 19 معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جو قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہونگے

مزید : صفحہ اول