وزیر اعظم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کر دیا

وزیر اعظم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کر دیا

                           اسلام آباد(اے این این،آئی این پی)وزارت پانی و بجلی نے زراعت کیلئے بجلی پر سبسڈی دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا نوٹیفکیشن کے مطابق کسانوں کو بجلی دس روپے پینتیس پیسے فی یونٹ فراہم کی جائے گی جبکہ شام 6 سے 10 اور گرمیوں میں 5 سے 11 بجے ۔ تک ٹیوب ویل کو بجلی فراہم نہیں کی جائیگی۔ زرعی شعبے پر سبسڈی دینے کا فیصلہ گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے۔علا وہ ازےں وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کر دیا،تاریخ میں پہلی بار لگاتار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے، کسانوں کو 10روپے 35پیسے سستی بجلی فراہم کی جائے گی، باسمتی چاول کے کاشتکاروںکو 5ہزار روپے فی ایکڑامداد دی جائے گی ،موسم گرما سے قبل 2400 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی ، حکومت نے مدت مکمل ہونے سے قبل لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کا تہیہ کر رہا ہے، ایل این جی کی تقسیم 2015 میں شروع ہو جائے گی۔ جمعہ کو وزیر اعظم آفس میں پریس بریفنگ میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کا وژن عوام اور عام آدمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر بات چیت کرنا جس سے عوام کی فلاح و بہبود ہو، جمہوری سے جمہوریت ہے، جمہور ہی ہماری آنکھوں کا تارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ذریعہ معاش ، صحت، تعلیم، تربیت اور ہنر کی ضرورت ہے تا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ ملک کی بھی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے قوم کو خوشخبریاں سناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے عوام کو اچھی اچھی خبریں سننے کو مل رہی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جا رہی ہے، ہمیں گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی کہ دوسری مرتبہ کمی کرنے کے بجائے یہ پیسہ کسی اور کھاتے میں ڈال دیا جائے مگر وزیر اعظم نے فیصلہ کیا کہ کیوں نہ یہ فائدہ براہ راست عوام کو دیا جائے، عوام کی مرضی جہاں وہ خرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز وزیر اعظم کو دی تھی ، جسے وزیر اعظم نے رد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باسمتی چاول کے کاشتکار پہلے سیلاب کے ہاتھوں تباہ ہوئے پھر عالمی مارکیٹ میں باسمتی چاول کی قیمتیں کریش ہوئیں، کسانوں کو شدید نقصان کا سامنا تھا کہ وزیراعظم نے پانچ ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے کسانوں کو امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ہے، وزیر اعظم نے کسانوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جس کا نوٹیفکیشن وزارت پانی و بجلی نے جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کسانوں کو 10 روپے 35 پیسے سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کےلئے وزیر اعظم نے کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے توانائی تشکیل دی جس کا ہر 15روز بعد اجلاس ہو رہا ہے، حکومت کا فوکس ہے کہ مدت ختم ہونے تک لوڈشیڈنگ کا لفظ لغت سے نکال دیا جائے ، پاکستانی ڈکشنری میں ہی لوڈشیڈنگ کے معنی تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار کےلئے قلیل،وسط اور طویل المدتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلیل المدتی میں شمسی ،گیس اور ہوا سے بجلی پیدا کی جائے گی ، وسط مدتی میں کوئلہ سے اور طویل المدتی سے پن بجلی اور تھرکول سے بجلی پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے کنوﺅں کا آڈٹ ہوا ہے، چھ یا سات ماہ میں ایک ہزار میگا واٹ اضافی بجلی مل جائے گی گرمیاں آنے سے قبل سسٹم میں 2400 میگا واٹ بجلی شامل کر دی جائے گی جس سے لوڈشیڈنگ میں 4 گھنٹے تک کمی ہوگی۔ ایل این جی 2015ءمیں تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ چین اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں کر رہا ہے اور اب وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے دنیا بھر کے سرمایہ کار وں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، سر مایہ کاری کےلئے ہمارا اگلہ ہدف چین کے بعد اب یورپی یونین ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھر میں غربت، بھوک اور افلاس کے سائے ہمیشہ کےلئے ختم ہوں گے، وزیر اعظم کی ترجیح تھر کو توانائی کا صدرمقام بنانا ہے۔ انہوں نے کا کہ عالمی برادری پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے، دفاع کے ساتھ ساتھ قومی ترقی بھی ضروری ہے۔ خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کیس میں 3مزید لوگوں کو شریک کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کا نام ابھی تحریری طور پر سامنے نہیں آیا، کورٹ کا فیصلہ آنے دیں پھر استعفے کا فیصلہ بھی ہو جائے گا، مریم نواز کے حوالے سے پوری قوم نے دیکھ لیا کہ ہم عدالت میں اہلیت پیش کر سکتے تھے مگر انہوں نے رضاکارانہ استعفیٰ پیش کر دیا۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...