شادباغ ، گھریلو جھگڑے سے تنگ آ کر5بچوں کے باپ نے خودکشی کر لی
لاہور(کرائم سیل)تھانہ شادباغ کے علاقہ میں 5بچوں کے باپ نے گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر خودکشی کر لی،پولیس نے متوفی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کا رہائشی 50سالہ گل شیر تھانہ شادباغ کے علاقہ بھیبھہ پنڈ میں مستری کا کام کرتا تھا اور گاﺅں میں ایک کمرے میں اپنے بچوںامجد،صہیب،ذوہیب،ثاقب اور چندا وغیرہ کے ساتھ رہتا تھا ۔پولیس اور اہل محلہ کے مطابق گل شیر کی اپنی بیوی نصرت کے ساتھ کئی بار گھریلو حالات کی وجہ سے لڑائی ہوتی رہتی تھی۔گزشتہ روز بھی اسی طرح سے اس کی لڑائی ہوئی اور اس نے رات کے وقت جب کہ اس کی بیوی اور بچے مانگا منڈی گئے ہوئے تھے خود کو کمرے میں موجود پنکھے کے کنڈے سے لٹکا کے خودکشی کر لی۔ہمسایوں نے اگلے دن گھر کا دروازہ کھولا تو ان کو واقعہ کا علم ہوا جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے متوفی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے۔جبکہ اس کے اہلخانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق بظاہر یہ خودکشی کا معاملہ ہے البتہ پوسٹ مارٹم سے اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔