گرین ٹاؤن ، ایک ماہ قبل اغواء کے بعد قتل ہونے والا نوجوان زندہ مل گیا

گرین ٹاؤن ، ایک ماہ قبل اغواء کے بعد قتل ہونے والا نوجوان زندہ مل گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (کر ائم سیل)گرین ٹاؤن میں ایک ماہ قبل اغوا ء کے بعد قتل ہونے والا نوجوان زندہ مل گیا، ڈراپ سین کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا جبکہ اسی سلسلہ میں دو افراد جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرین ٹاؤن کا رہائشی نوجوان سفیان 3 ماہ قبل اچانک گھر سے غائب ہوگیا جس پر گھر والوں نے اسکی تلاش شروع کردی لیکن اسکا کوئی سراغ نہ ملا جس کے بعد لواحقین نے سفیان کے اغوا کے سلسلہ میں 16 اکتوبر کو تھانہ گرین ٹاؤن میں چار محلے دار افراد کے خلاف اغواء کا نامزد مقدمہ درج کروادیا چند روز کے بعد کوٹ لکھپت کے علاقہ سے ایک نوجوان کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی سفیان کے گھروالوں نے مردہ خانہ جاکر پولیس کو بیان دیا کہ یہ لاش سفیان کی ہے جس کے بعد پولیس نے اغوا ء کا مقدمہ قتل میں تبدیل کرکے دو ملزموں کو گرفتارکرکے جیل بجھوادیا لیکن اس تفتیش کے حوالے سے پولیس مطمئن نہ تھی پولیس نے سفیان کے قتل کے سلسلہ میں لواحقین سے پوچھ گچھ کی تو ان کوشک ہوا جس کے بعدپولیس نے مخبری پر چونیاں شہر میں جاکر سفیان کی تلاش شروع کردی اور اسے رکشا چلاتے ہوئے گرفتار کرکے لاہور لے آئے تاہم اس سلسلہ میں پولیس نے بتایا کہ سفیان نشہ کا عادی ہے اسکے مالک مکان نے کچھ عرصہ قبل ایک رکشا ضمانت پر لیکر سفیان کو دیدیا لیکن سفیان نے رکشا فروخت کرکے رقم ہڑپ کرلی تھی مالک مکان سفیان کو رکشا واپس دینے کا مطالبہ کرتے تھے جسکی وجہ سے سفیان اور اسکے گھر والے بھی پریشان تھے اسی وجہ سے سفیان گھر سے غائب ہوگیا اور گھر والوں نے اپنی جان چھڑوانے کیلئے بھی مرنے والے کسی نشئی کو جعلی شناخت کرکے کہا کہ یہ لاش سفیان کی ہے پولیس نے قانونی کاروائی کرتے ہوئے سفیان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔

مزید :

علاقائی -