سیکیورٹی خدشات اور عالمی معاشی صورتحال ،مختلف ممالک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی، پاکستان بھی متاثر

سیکیورٹی خدشات اور عالمی معاشی صورتحال ،مختلف ممالک میں غیر ملکی سرمایہ ...

کراچی(اکنامک رپورٹر)سیکیورٹی خدشات اور عالمی معاشی صورتحال کی وجہ سے مختلف ممالک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ہورہی ہے، پاکستان بھی اس عالمی رحجان میں متاثرہورہاہے، رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 24 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی بحران، انفرااسٹراکچر کی کمی اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے 4 ماہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری24 فیصد کم ہوگئی اور اس کا حجم صرف35 کروڑ ڈالر رہ گیا، گزشتہ سال اس دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم46 کروڑ 25 لاکھ ڈالر تھا، اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے اکتوبر2015ء کے دوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 18.5فیصد اضافہ ہوا، اور اس کی مالیت71 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی، اس دوران اسٹاک مارکیٹس میں 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری ہوئی، رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں پہلے کے مقابلے میں 67.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔جولائی سے اکتوبر تک غیر ملکی نجی شعبے کی طرف سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا حقیقی حجم 20 کروڑ 64 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ سال 63 کروڑ 3 لاکھ ڈالر تھا۔ چار ماہ کے دوران غیر ملکی نجی شعبے کی طرف سے پاکستان کے صنعتی شعبے میں براہ راست 65 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تاہم اس عرصے میں سرمایہ کاری میں سے 30 کروڑ 14 لاکھ ڈالر نکال لیے گئے جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں اس دوران نئی سرمایہ کاری کی بجائے 14 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کا انخلا دیکھا گیا۔ گزشتہ مالی سال اس عرصے کے دوران غیر ملکیوں نے صنعتی شعبے میں ایک ارب 39 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی اور براو راست سرمایہ کاری سے 93 کروڑ ڈالر کا انخلاہوا تھاجبکہ اسٹاک مارکیٹ میں 16 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔ رواں مالی سال غیر ملکی سرکاری شعبے کی طرف سے پاکستانی بانڈز میں 50 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ گزشتہ سال غیر ملکی سرکاری شعبے کی طرف سے 2 کروڑ لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا تھا، گزشتہ سال غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 60کروڑ 4 لاکھ ڈالر تھا۔

مزید : کامرس