آزاد منتخب ہونیوالے بلدیاتی نمائندوں کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا سلسلہ شروع

آزاد منتخب ہونیوالے بلدیاتی نمائندوں کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا سلسلہ شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور نے ضلع لاہور کی 36یونین کونسلوں میں آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے چیئرمینوں اوردیگر آزاد نمائندوں کو پارٹی میں شامل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جس کیلئے مسلم لیگ( ن) نے تمام اراکین اسمبلی کو ٹاسک دیا تھا جس پر آغاز کر دیا گیا ہے ،گزشتہ روز جلو ،نصیر آباد اورنواں کوٹ سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے 3چیئرمین مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے اس سلسلہ میں مسلم لیگ(ن) لاہور کے دفتر میں خصوصی تقریب ہوئی جس کی صدارت لاہور تنظیم کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کی جبکہ رکن قومی اسمبلی سہیل شوکت بٹ ،سابق ایم پی اے میاں نعمان سمیت دیگر راہنما اوراراکین اسمبلی بھی شریک ہوئے ۔اس موقع پر یونین کونسل 79نواں کوٹ سے آزاد حیثیت میں چیئرمین منتخب ہونے والے محمد سلیم ،یونین کونسل 183جلو سے آزاد چیئرمین راشد کرامت اوریونین کونسل 182سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے چیئرمین کا شف جٹ بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ۔تینوں چیئرمینوں نے (ن )لیگ لاہور کے دفتر میں جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر سے ملاقات کی اورمسلم لیگ( ن) کی قیادت ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وزیر اعظم میاں نواز شریف پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اورکہا کہ (ن )لیگ کی عوام دوستی اورعوام دوست پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ( ن) میں شامل ہو گئے ہیں ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ میں( ن) لیگ شامل ہونے والے چئیرمینوں کو خوش آمدید کہتا ہو ں انہیں پارٹی میں پورا عزت واحترام دیا جائے گااورانہیں ان کا جائز مقام بھی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جلد دیگر آزاد چیئرمین ،وائس چیئرمین اورکونسلرز بھی( ن) لیگ میں شامل ہو جائیں گے۔