پاک فوج کے کردار سے دہشتگرد ی میں کمی ہوئی،صاحبزادہ عبدالقدیر اعوان

پاک فوج کے کردار سے دہشتگرد ی میں کمی ہوئی،صاحبزادہ عبدالقدیر اعوان
پاک فوج کے کردار سے دہشتگرد ی میں کمی ہوئی،صاحبزادہ عبدالقدیر اعوان

  

لاہور(شہزاد ملک) تنظیم الاخوان پاکستان کے ناظم اعلیٰ صاحبزادہ عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ امن عامہ، سیاسی رسہ کشی اور دہشت گردی کے واقعات میں کمی پاک افواج کے کردار کی وجہ سے آئی ہے۔ موجودہ حکومت کے ترقیاتی پروگراموں سے ہم اتفاق کرتے ہیں لیکن انکا وقت صحیح نہیں ہے کیونکہ ان اربوں روپے کے پروجیکٹس سے فی الحال ہماری معیشت مضبوط نہیں ہورہی اور لوگوں کوکھانا تک میسر نہیں ہے۔ لوگ بھوک کی وجہ سے عزتیں بیچ رہے ہیں انہیں بہتر سواری کی نسبت پہلے کھانا ملنا چاہیے تھاان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ ایکسپریس کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے بتایاکہ چترال میں الفلاح فاؤنڈیشن کے تحت فری میڈیکل کیمپ لگایا تو سینکڑوں لوگ ایسے آئے جنہیں ڈاکٹر تک میسر نہیں تھے،حکومت اگر حکمت عملی میں کمی چھوڑے گی تو عوامی ایشوز پر اپوزیشن کی بات پر لوگ کان ضرور دھریں گے۔انہوں نے کہاکہ انڈیا اور پاکستان تقسیم ہونے کے بعد دو حقیقتیں ہیں،کوئی نہ مانے تو اُسکے نہ ماننے سے اس بات پرکوئی اثر نہیں پڑتا ہاں ضرورت اس امرکی ہے کہ اگر ہم پرامن رہیں گے تو اسکی سہولت صرف ہمیں نہیں بلکہ انہیں بھی اسی طرح ہے۔ پورے خطے کا دارومدار اس چیز پر ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے وجودکو مانیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں بھارتی دخل اندازی کی نہ صرف بات کی بلکہ ثبوت بھی فراہم کئے جو بڑی تبدیلی ہے اور ملک کیلئے بہتر ہے۔ فوج ہمارے ملک کا انتہائی اہم ادارہ ہے، باقی جتنے ہمارے قومی ادارے ہیں وہ ہمارے ملک کے تسلسل کیلئے ہیں لیکن یہ تسلسل تب ہوتا ہے جب بقاء موجود ہو۔ پاک فوج ہماری بقاء کی ضمانت ہے جو اسلام دشمن یا پاکستان دشمن قوتوں کے سامنے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی مانی ہوئی فوج ہے جس نے مشقوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں ٹاپ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے اندرکی دہشت گردی کیلئے پولیس، خفیہ ایجنسیاں اور رینجرز موجود ہیں انکی ذمہ داری فوج پرنہ ڈالی جائے، اسی طرح سیلاب، زلزلے وغیرہ سے متعلقہ اداروں سے کام لیا جائے اور انہیں ذمہ دار قراردیا جائے کیونکہ اگر ملکی سرحدوں پر اور ملک کے اندر ہر جگہ فوج نے ہی سب کچھ کرنا ہے تو پھر حکومت بھی فوج کی آجائے۔ انہوں نے کہا مجھے اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ ایک جماعت دوسری جماعت کی ناکامی کی بات کیوں کرتی ہے میں یہ سمجھتا ہوں جو ایریا اُنکے پاس ہیں اُس میں مثال قائم کرنی چاہیے۔ وہ مثال اُس جماعت کو ملک میں آئندہ انتخابات میں کلین سویپ دیگی۔ عبدالقدیر اعوان نے کہاکہ پی ٹی آئی اسلیے وجود میں آئی کہ دو بڑی پارٹیوں نے ڈلیور نہیں کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1