دنیا نیوز پر حملہ، قابل مذمت!

دنیا نیوز پر حملہ، قابل مذمت!

صحافتی تنظیموں نے گزشتہ روز ’’دنیا‘‘ نیوز فیصل آباد پر دستی بموں سے حملے کے خلاف یوم احتجاج منایا اور مُلک کے ہر شہر میں مظاہرے کئے گئے۔ دھرنے دیئے اور اجتماعات منعقد کئے گئے، مجموعی طور پر ان مظاہرین نے آزادئ صحافت کے حق میں نعرے لگائے، صحافیوں اور صحافتی اداروں کے تحفظ کا مطالبہ کرنے کے علاوہ دھماکہ کرنے والے ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، پی بی اے ،اے پی این ایس اور سی پی این ای نے بھی دہشت گردی کی مذمت کی۔پاکستان میں پیشۂ صحافت مشکلات کا شکار ہے، میڈیا نے قربانیوں کے بعد جو آزادی حاصل کی وہ بھی بتدریج مختلف ہتھکنڈوں کی نذر ہو رہی ہے،جبکہ اختلاف پر صحافیوں کے قتل کی وبا بھی موجود ہے، اب تک بیسیوں صحافی قتل ہو چکے،کسی کے ملزم پکڑے نہیں گئے۔اگر کراچی کے ولی خان بابر کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزم عدالت کا سامنا کر رہے ہیں ،تو پیروی کرنے والے وکلاء سمیت کئی گواہ بھی قتل کر دیئے گئے ہیں۔اِن واقعات اور جرائم پر قابو نہ پانا حکومت کے لئے شرمندگی کا باعث ہونا چاہئے، لیکن ایسا نہیں ہوتا اور تسلی والے بیانات سے گزارہ چلایا جاتا ہے۔ یہ قابل مذمت واردات ہے جو کوئی بھی ملوث ہے اسے قانون کی گرفت میں آنا چاہئے، افسوس تو یہ ہے کہ کارکن صحافیوں کی صفوں میں اتحاد و اتفاق نہیں، اس کے لئے جو کوشش کی گئی اور کی جا رہی ہے اسے ناکام بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مزید : اداریہ