تعلیم ہی وڈیرہ شاہی اورسرداری نظام کی دشمن ہے، وجیہہ الدین

تعلیم ہی وڈیرہ شاہی اورسرداری نظام کی دشمن ہے، وجیہہ الدین

بہاول پور (آن لائن)جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ قوموں کی تقدیر بدلنے کیلئے تعلیم کی اہمیت مسلمہ ہے۔ تعلیم ہی وڈیرہ شاہی، سرداری نظام اور فیوڈل مائنڈ سیٹ کی دشمن ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت حکومت وقت5 سال سے16 سال تک کی عمر کے بچوں کو لازمی مفت تعلیم فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاول پور میں سیمینار سے بعنوان فروغ تعلیم میں بلدیاتی نمائندگان کا کردار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر، فوزیہ ایوب قریشی، غزالہ شاہین، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر وسیم اکرم، سابق پارلیمنٹیرین تابش الوری، ماہر تعلیم ڈاکٹر مجاہد منصوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جسٹس(ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ تعلیمی ترقی پر سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے نہ صرف بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے بلکہ مختص فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھوسٹ سکولز ، گھوسٹ ٹیچرز اور گھوسٹ طلبہ کلچر کا خاتمہ کرنے کے لیے معاشرے کے تمام مکاتب فکر کو متحد ہوکر لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے ۔ تقریب سے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر مجاہد منصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا معرض وجود میں آنا تعلیم یافتہ طبقہ کی جدوجہد سے ممکن ہوا۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ تربیت فراہم کرکے ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

مزید : علاقائی