بلاول بھٹو کا پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کا صدر بننے کا بھی امکان

بلاول بھٹو کا پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کا صدر بننے کا بھی امکان

لاہور( شہزاد ملک) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کا صدر بننے کا بھی امکان ہے تاہم قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کانام بھی زیر غور ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل زکر ہے کہ مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد نائب صدر سینٹر شیری رحمان قائم مقام صدر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین بن گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے باوثوق ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ چونکہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ جماعت پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین ہی ہے اس لئے چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جو کہ اب پارلیمانی سیاست میں بھی عملی طور پر آنے کا فیصلہ کر چکے ہیں ان کا اس چار (پی پی پی پی) والی پیپلز پارٹی کا صدر بننے کا بھی قوی امکان ہے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ امکان ہے کہ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس اور پیپلز پارٹی کی سنئیر لیڈر شپ کی طرف سے بلاول بھٹو زرداری کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کا صدر مقرر کرنے کی تجویز دی جائے گی اور پھر اتفاق رائے سے انہیں صدر مقرر کردیا جائے گا اور مرحوم مخدوم امین فہیم کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول