قومی اداروں کے بارے میں بحث کرنا ملکی مفاد میں نہیں ، پرویز رشید
لاہور( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بیرون ممالک کے جتنے بھی دورے کئے وہ حکومت پاکستان کی پالیسوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے کئے، جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت ختم ہونے میں ابھی تقریبا ایک سال باقی ہے جبکہ قومی اداروں کے بارے میں بحث کرناملکی مفاد میں نہیں، 2015کا پاکستان پہلے کی نسبت زیادہ پرامن اور محفوظ ہے جبکہ آنے والے دنوں میں قومی اداروں اور سیاسی جماعتوں میں مزید ہم آہنگی نظر آئے گی۔وہ پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے زیر اہتمام گزشتہ رزلاہور پریس کلب کے نثار عثمانی آڈیٹوریم میں میٹ دی پریس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرپنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدرخواجہ نصیر،سیکرٹری قمر جبار اور پریس کلب کے سیکرٹری افضال طالب بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاست اور جرم دو علیحدہ چیزیں ہیں، جرم کے سامنے سیاست کو ڈھال بننے نہیں دیں گے اورکراچی آپریشن آخری مجرم کے خاتمے تک جاری رہے گا، سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ قانون نافد کرنے والے اداروں پر حملہ اس بات کی دلیل ہے کہ مجرم ڈرے ہوئے ہیں جبکہ قانون نافد کرنے والے اداروں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر امن قائم کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ان ا ڈھائی برسوں میں جو کامیابیاں حاصل کیءں وہ آپس میں ہم آہنگی کا نتیجہ ہے جبکہ دہشت گردی کی جنگ میں امریکہ نے پاکستان کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کا الزام خود بخوددم توڑگیا اور دھاندلی کے شور سے پی ٹی آئی کی سیاست کو بھی نقصان پہنچا۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان میں مودی کی حکومت نے جو تنگ نظری کا رویہ اختیارکیا اورجس کے باعث ہندوستان خلفشارکا شکارہوگیا جبکہ سنجیدہ طبقوں خصوصا بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں نے مودی کو سب سے بڑی سزا ملک اور بیرون ملک احتجاج کرکے خود ہی دے دی ۔انھوں نے کہاکہ ہندوستان کی پاکستان میں مداخلت کے حوالے سے وزیر اعظم نوازشریف نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پوری دنیا کے سامنے اپنا موقف پیش کیا کرکٹ میچ کھیلنے کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ پاکستان یو اے ای میں بھارت کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو تیارہے مگر اس وقت تک ہندوستان میں جاکر کرکٹ کھیلی نہیں جاسکتی جب تک یقین نہ ہوجائے کہ ہندوستان کی حکومت نے اپنی عوام کے منفی جذبات پر قابو پالیاہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ان کاصحافیوں سے رشتہ بہت پراناہے اور ان کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے لہٰذاجلد ہی ویج بورڈ ایوارکے مسئلے کو حل کرلیا جائے گا ۔انہوں نے دنیا نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتارکیا جائے گا جبکہ تمام اداروں کی حفاظت کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدرخواجہ نصیر نے کہاکہ آج ہمارے لئے بہت اعزازکی بات ہے کہ ہمارے درمیان ایک ایسی شخصیت موجود ہیں جو صحافی دوست ہیں اور صحافیوں کو جہاں بھی مشکلات درپیش ہوتی ہیں یہ اس کے ازالہ کے لئے اپنا بھرپور کردار اداکرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پرپنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کی جانب سے سینیٹرپرویز رشید اور پریس کلب کے سیکرٹری افضال طالب کو شیلڈ اور پھول پیش کئے گئے۔