مخدوم امین فہیم کی سیاسی وقومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی ‘ یوسف رضا گیلانی

مخدوم امین فہیم کی سیاسی وقومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی ‘ یوسف رضا ...

ملتان ( خصوصی رپورٹر ) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کے نیشنل آرگنائزیشن مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کے بانی رکن اور سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کے انتقال کو ملک کیلئے عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی ملک وقوم کی کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا اس سلسلے میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لئے آج کا دن بہت دکھ کا دن ہے کہ مخدوم امین فہیم رحلت فرما گئے مخدوم امین فہیم پیپلز پارٹی کے بانی رکن تھے جن کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ شائد ہی پورا ہو سکے وہ صرف ایک سیاستدان ہی نہیں بلکہ ایک روحانی پیشوا بھی تھے انہوں نے کہا کہ 1985میں جب میں جہاز میں سفر پر تھا اسی ہوائی جہاز میں مخدوم امین فہیم بھی تھے اور اس دوران پیر پگاڑا صاحب نے مخدوم امین فہیم سے میرا تعارف کرایا پیپلز پارٹی کی قیادت اور ہم سب ان کے خاندان ،پسماندگان کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ جب مجھ پر اور مخدوم امین فہیم پر کیس بنے تو ہم دونوں نے مل کر ان کیسز کا کورٹ میں سامنا کیا انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ وہ وزیراعظم بنیں لیکن پارٹی قیادت کے فیصلے پر جب میں وزیراعظم بنا تو میں خود مخدوم امین فہیم کے گھر گیااور کہا کہ ہمیں مل کر حکومت کرنی چاہیئے اور میری ہی درخواست پر وہ سینئر وزیر بنے دکھ کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اللہ ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ نے قربانیاں دیں اور مخدوم امین فہیم نے بھی قربانیاں دیں ان کی سیاسی وقومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پیپلز پارٹی ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے مشن کو جاری رکھیں گے دریں اثناء سابق وفاقی وزیر مخدوم جاوید ہاشمی نے مخدوم امین فہیم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کی حکمرانی کیلئے بھرپور جدوجہد کی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے ، انہوں نے مزید کہا ہے مخدوم امین فہیم کی وفات پیپلز پارٹی کیلئے ہی نہیں بلکہ جمہوریت کیلئے بھی صدمہ ہے ۔ ان کی سیاست عوام کی خدمات کے گرد گھومتی رہی ہے ۔ نیشنل آرگنائز تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے تعزیاتی پیغام میں کہا ہے کہ مخدوم امین فہیم شریف النفس سیاستدان تھے ان کی وفات پاکستان کی جمہوریت کیلئے ایک عظیم سانحہ ہے ، ان کی جمہوریت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

مزید : ملتان صفحہ اول