سندھ کے 22اضلاع میں بلدیاتی الیکشن مکمل ہو گئے

سندھ کے 22اضلاع میں بلدیاتی الیکشن مکمل ہو گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے 22اضلاع میں بلدیاتی الیکشن مکمل ہو گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی بدین کے سوا تمام اضلاع میں چیئرمین ضلع کونسل بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ حیدرآباد اور میرپور خاص میں میئر کے لیے ایم کیوایم کی پوزیشن مضبوط ہے۔ بدین میں ذوالفقار مرزا گروپ کوواضح برتری حاصل ہے۔تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیاہے مگر بڑے عہدوں کا بڑا مقابلہ اب بھی باقی ہے۔ مختلف شہروں میں میئر شپ کا تاج سجانے کے لئے مضبوط امیدواروں کی بھاگ دوڑ عروج پر ہے۔ حیدرآبادمیں ضلع کونسل کا چیئرمین پیپلزپارٹی سے ہو گا جبکہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی میئر شپ ایم کیوایم کو ملے گی۔ایم کیوایم کی جانب سے صلاح الدین، طیب حسین، سہیل مشہدی اور ظفر راجپوت میئر کے متوقع امیدوار ہیں جبکہ میونسپل کمیٹی قاسم آبادمیں پیپلزپارٹی کا چیئرمین ہوگا جس کیلئے کاشف شورو کا نام فائنل کیا گیا ہے جو صوبائی وزیرجام خان شورو کے بھائی ہیں۔ضلع کونسل بدین میں چیئرمین شپ کیلئے مرزا گروپ کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہو گئی ہے۔ ذوالفقار مرزا گروپ نے 68 میں سے 34 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ 27پرپیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ذوالفقار مرزا کے بیٹے حسام مرزا چیئرمین ضلع کونسل کے متوقع امیدوار ہوں گے۔میونسپل کمیٹی ماتلی میں پیپلزپارٹی کے دوگروپ ہی آمنے سامنے آ گئے۔ کمال خان چانگ اور بشیرہالیپوٹہ اپنے اپنے امیدوار میدان میں لے آئے ہیں۔ میونسپل کمیٹی بدین میں مرزاگروپ نے کلین سویپ کیا ہے اوریہاں سے طارق میمن مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ آخر