پیشن فار پاکستان کی چوتھی بریک فاسٹ میٹنگ کا انعقاد
کراچی(اکنامک رپورٹر) ’’ پیشن فار پاکستان ‘‘ نے 21 نومبر 2015 ء کو میریٹ ہوٹل، کراچی میں اپنی چوتھی بریک فاسٹ میٹنگ کا انعقاد کیا۔اکرام سہگل، چیئرمین، پاتھ فائینڈر گروپ، توفیق حُسین، سی ای او، پاکستان بینکس ایسو سی ایشن اور چیئرمین آف دی بورڈ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس اور محمد زُبیر،وزیر مملکت اور نجکاری کمیشن پاکستان کے چیئرمین،نے میٹنگ سے خطاب کیا۔تقریب کے دیگر اہم مقررین میں محمد اظفر احسن، سی ای او، نٹ شیل فورَم اور ڈاکٹر جبّار خٹک شامل تھے۔ اکرام سہگل نے کہا کہ تعلیم ترقی کی بنیاد اور خوشحالی کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں زمین کے لیے جنگیں ہوتی تھیں لیکن آج توانائی کے مسائل جنگی حالات پیدا کررہے ہیں اور مستقبل میں پانی جنگوں کا سبب بنے گا کیونکہ پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ مُلک کے معاشی حالات پر گہری نظر رکھنے والے بینکنگ پروفیشنل توفیق حُسین نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بھرپور وقت ہے کہ ترقی کرکے مطلوبہ استحکام حاصل کرے کیونکہ تمام ضروری عوامل میسّر ہیں۔’’ہمارا مُلک زبردست ترقی کی دہلیز پے کھڑا ہے۔ حکومت کی مستحکم کوششوں کے نتیجے میں پاکستان ایک اہم موڑ پر پہنچ گیا ہے اورایسے مستقبل کی اُمید کرسکتا ہے جو اس کی معیشت کو مزید مضبوط بنائے گا اور اسے ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔‘‘ محمد زُبیر نے مستقبل کے لیے بھرپور اُمید کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے آپ کو دہشت گردی کی زنجیروں سے آزاد کرانے میں کامیاب ہوگیا ہے اور مُلکی معیشت 2018 ء تک ترقی کی نئی منازل طے کرنے کے لیے تیار ہے۔