پاکستان کا بنگلہ دیش میں دو بزرگ سیاستدانوں کو سزائے موت دیئے جانے پر تشویش کا اظہار ، مفاہمت پر عملدر آمد کا مطالبہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے بنگلہ دیش میں دو بزرگ سیاستدانوں کو سزائے موت دیئے جانے پر گہری تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے 1974ءمیں پاکستان ،بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کی روح کے مطابق مفاہمت پر عملدر آمد کا مطالبہ کیا ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بنگلہ دیش میں نیشنلسٹ پارٹی کے رہنما صلاح الدین قادر چوہدری اور جماعت اسلامی کے رہنما علی احسن مجاہد کو سزائے موت دینے پر ایک بیان میں تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس وقت گہری تشویش ہے اور ان حالات پر پاکستان کو سخت افسوس ہے ۔ترجمان نے کہاکہ 1971ءکے واقعات کی بنیاد پر بنگلہ دیش میں چلائے جانے والے ان مقدمات پر عالمی برادری نے بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ نو اپریل 1974کو پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کی روح کے مطابق مفاہمت کی پالیسی اپنائی جائے ۔اس سمجھوتے میں 1971کے واقعات کے بعد آگے دیکھنے پر زور دیا گیا تھا اور اس سے خیر سگالی اور ہم آہنگی کو فروغ دیاجاسکتا ۔